پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع ہیں،دونوں برادر ممالک کو تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے چاہیں ، ترقیاتی منصوبوں میں ترک معاونت قابل تعریف ہے ،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کیلئے پرامید ہوں،سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے،وزیراعظم نوازشریف کی ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 2 اگست 2015 08:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع ہیں،دونوں برادر ممالک کو تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے چاہیں ، ترقیاتی منصوبوں میں ترک معاونت قابل تعریف ہے ،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کیلئے پرامید ہوں ۔ہفتہ کووزیراعظم نوازشریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیراعظم نوازشریف نے باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے ترک صدر کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہاکہ دونوں برادر ممالک کو تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے چاہیں ۔انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کیلئے پرامید ہوں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہاکہ سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے۔بعد ازاں وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے اعزاز میں اعشائیہ بھی دیا جس میں وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوگان کا انڈونیشیا سے واپسی پر پاکستان میں قیام کے دوران والہانہ استقبال کیا گیا۔ نور خان ایئر بیس پر ترکی کے صدر ان کی اہلیہ اور وفد کا وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مریم نواز اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوگان مختصر قیام کے بعد واپس وطن روانہ ہوگئے۔وزیراعظم نوازشریف اور کابینہ ارکان نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔ادھروزیراعظم نواز شریف اور ترکی کے صدر طیب اردوان کے درمیان ملاقات کا اہتمام گزشتہ روز بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہی کیا گیا اور وہیں پر ان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی گئی۔ تقریباً 8 بجے ترکی کے صدر کا طیارہ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا تو وہاں پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ساتھ ان کا استقبال کیا ۔

ترکی کے صدر طیب اردوان وزیراعظم میاں نواز شریف کی خصوصی دعوت پر مختصر دورے پر پاکستان تشریف لائے تھے ترکی کے صدر طیب اردوان کی مصروفیات اور سکیورٹی امور کی وجہ سے ائیرپورٹ پر اس ملاقات کا اہتمام کیا گیا ۔ ترکی کے صدر انڈونیشیا کے دورے سے واپسی پر پاکستان تشریف لائے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور ترکی کے درمیان کئی منصوبوں پر جاری کام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ترکی کے صدر نے ملا عمر کی موت کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے تعطل پر تبادلہ کیا۔ ترکی کے صدر جب ائیرپورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔