43 ارب ڈالر کا اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے قرض نہیں،پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ہے ؛وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، حکومت اور عسکری قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں سے دہشت گردی کو نکیل ڈالی جا رہی ہے ؛ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کوئل پاور پلانٹس کی کنکریٹ بورنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 اگست 2015 08:48

ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 اگست۔2015ء )وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 43 ارب ڈالر کا اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے قرض نہیں بلکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ہے جس سے صنعتیں لگیں گی ،عوام کو روزگار ملے گا اور ان کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی ۔ موجودہ حکومت اور عسکری قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں سے دہشت گردی کو نکیل ڈالی جا رہی ہے تا کہ ملکی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے مسلم لیگ کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔

وہ ساہیوال میں دوسرے مر حلہ میں 1320 میگا واٹ کے کوئلہ سے چلنے والے دو پاور پلانٹس کی کنکریٹ بورنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جن سے دسمبر 2017 تک بجلی کی پیدا وار شروع ہو جائے گی ۔اس موقع پر پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،صوبائی وزیر توانائی چوہدری شیر علی ،چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل ،انسپکٹر جنرل پنجاب مشتاق احمد سکھیرا ،کمشنر ساہیوال ڈویژن عظمت محمود اور ڈویژن بھر کے دیگر افسران کے علاوہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی عہدیداران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک یاد گار موقع ہے جس دن چین اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے منصوبوں پر دستخطوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ہی ان پر کام کا آغاز ہو چکا ہے جس سے نہ صرف پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا اور ترقی کی رفتارایک بار پھر تیز ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہونے کے ساتھ ساتھ چینی سے زیادہ میٹھی اور لوہے سے زیادہ مضبوط ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے سال مئی میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا لیکن دھرنوں اور بے بنیاد الزامات کی وجہ سے آٹھ نو ماہ ضائع ہوئے کیونکہ اس دوران ہر چیز جامد ہو چکی تھی اور بد اعتمادی اور الزامات کی بوچھاڑ میں کسی کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ چینی سرمایہ کاری کا راستہ کیوں روکا جا رہا ہے اور قوم اپنے مستقبل کے ساتھ ہونے والے اس جرم کو کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کا آغاز ہو چکا ہے اور ہم چین کے اس احسان کو کبھی بھلا نہیں سکتے جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ پکڑا اور اسے اندھیروں سے نکالنے کیلئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کار ی کر رہاہے ۔یہ صرف سرمایہ کاری نہیں بلکہ پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ اور چینی محبت کا ثبوت ہے ۔انہوں نے ساہیوال کے عوام کو یقین دلایا کہ ان پاور پلانٹس سے ماحول کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ اس بوائلرز کرٹیکل اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ہیں جن سے کسی قسم کی ماحولیاتی آلودگی کا کوئی خطرہ نہیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے 18 کروڑ پاکستانی عوام کی حالت بدلنے کیلئے تمام اختلافات ختم کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام توانائیاں اوروسائل عوام کو اندھیروں سے نکالنے پر صرف ہونے چاہیں ۔اس سے پہلے پاور پلانٹس پر کام کرنے والے چینی کمپنیوں کے سربراہوں نے یقین دلایا کہ کول پلانٹس سے 25 دسمبر 2017 ء تک بجلی کی پیداوار ہر صورت میں شروع ہو جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ کی روانگی سے قبل موسلا دھار بارش شروع ہو گئی اور بارش میں بھیگتے ہوئے ہی وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو ئے ۔