تحریک انصاف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا معاملہ،وزیراعظم نے 4 رکنی کمیٹی بنادی، کمیٹی میں اسحاق ڈار،سعد رفیق،رشید،عرفان صدیقی، کمیٹی ایم کیو ایم ،جے یو آئی کو تحریک انصاف کے خلاف تحریک واپس لینے پر قائل کرے گی،وزیراعظم کا جے یو آئی،ایم کیو ایم کو ڈی سیٹ تحریک واپس لینے کا مشورہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے سیاسی قیادت میں اتفاق ضروری ہے،نوازشریف

جمعرات 30 جولائی 2015 09:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جے یو آئی اور ایم کیو ایم کو تحریک واپس لینے کا مشورہ بھی دیا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے کو حل کرنے کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمیٹی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی شامل ہیں یہ کمیٹی ایم کیو ایم اور جے یو آئی کو تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے پر قائل کرے گی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے جے یو آئی اور ایم کیو ایم کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے سیاسی قیادت میں اتفاق ضروری ہے ملک کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ سے کسی فتح یا شکست نہیں ہوئی بلکہ جمہوری ادارے اور جمہوریت مضبوط ہوئی ہے ،ملک مزید کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،سڑکوں پر روڈ شو بند ہو جانیں چاہئیں،ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا،ہم ملک میں سیاسی اور جمہوری ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے، منفی سیاست سے گریز کرنا چاہیے،وزیر اعظم نے دوران اجلاس تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحاریک پر جلد ووٹنگ کے مطالبے معاملے کو افہام و تفہیم اور صبر سے حل کرنے پرزور دیا اور جے یوا ٓئی اور ایم کیو ایم کو تحریک واپس لینے کا کہا ہے۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن ،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، اے این پی کے غلام احمد بلور ،پشتون خواہ ملی پارٹی کے محمو خان اچکزئی ،ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی،رشید گوڈیل ، ق لیگ کے مشاہد حسین سید،وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، اسحاق ڈار ،پرویز رشید،احسن اقبال ،سعد رفیق ،انوشہ رحمن ،مشاہد اللہ اور عرفان صدیقی سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) کی جانب سے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ سے ڈی سیٹ کرنے بارے تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس دوران وزیر اعظم نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو صبرو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی تاہم جے یو آئی اور ایم کیو ایم تحریک انصاف کو پارلیمنٹ سے ڈی سیٹ کرنے اور ووٹنگ کا مطالبے پر بضد رہے۔