بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق،سینیٹ کمیٹی میں متفقہ قرارداد منظور ، بیرون ملک مقیم افراد کی پاکستان میں جائیداد، کارخانوں کی حفاظت کیجائے، ملک میں آمد ،واپسی پر بہترین سہولیات دی جائیں،باز محمد خان،کم عمر بچوں کو مشرق وسطیٰ میں اونٹ دوڑ میں شامل کرنے اور منشیات فروشی سے پاکستان کوکرنیوالے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی سفارش، کے پی کے ورکرز ویلفیر بورڈ ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث صوبائی وزیر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے،کمیٹی

بدھ 29 جولائی 2015 08:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جولائی۔2015ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز نے بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی ،کمیٹی نے کم عمر بچوں کو مشرق وسطیٰ کے ممالک میں اونٹوں کی دوڑ میں شامل کرنے اوردنیا بھر میں منشیات فروشی کے ذریعے پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے جعلی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کر دی ہے ۔

کمیٹی نے کے پی کے ورکرز ویلفیرء بورڈ کے ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث صوبائی وزیر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔گزشتہ روز کمیٹی کااجلاس چیئر مین قائمہ کمیٹی سینیٹر باز محمد خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری وزارت اور وزارت سے ملحقہ اداروں بیورو آف امیگریشن ، اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن ای اوبی آئی اور اورسیز پاکستانی فاوٴنڈیشن کی کارکردگی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی اور خیبر پختونخواہ ورکرز ویلفئیر بورڈ کے ملازمین کے صدر کی طرف سے چیئر مین سینیٹ کو بھجوائی گئی عوامی گزارشات پر سیکریٹری کے پی کے سے بھی تفصیلات لی گئیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے چیئر مین باز محمد خان نے وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور دوسرے اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور سمندر پار پاکستانیوں کی بھیجی گئی اربوں روپے مالیت کی رقوم کی وجہ سے ملکی معیشت بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے گئے زر مبادلہ سے قوم اور ملک کا بھر پور فائدہ ہے ۔

سمندر پار پاکستانیوں کے بیرون ملک مسائل کو حل کرنے کیلئے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے اور پاکستان میں ان خاندانوں کی جائیدادوں کارخانوں کی حفاظت ترجیحی بنیادوں پر کی جانی چاہیے اور ملک میں آمد اور واپسی پر بہترین سہولیات کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے ۔کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی سفارش کی گئی اور ان کے جائیدادوں کا مکمل تحفظ کرنے کے علاوہ سرکاری اور پرائیویٹ ایجنٹس کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کے لئے جانے والے افراد کی پولیٹیکنیک اداروں اور وزارت کے ذریعے تربیت کا بندوبست کیا جا نا چاہیے ۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کم عمر بچوں کو مشرق وسطیٰ کے ممالک میں اونٹوں کی دوڑ میں شامل کرنے اور جعلی ایجنٹوں کے خلاف سخت کاروائی کی تجویز دی اور کہا کہ جعلی ایجنٹوں کے ذریعے جانیوالے پاکستانی دنیا بھر میں منشیات فروشی کے ذریعے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔سینیٹر نجمہ حمید نے تجویز دی کہ وزارت اس بات پر پابندی لگائے کہ غیر تربیت یافتہ افراد بیرون ملک نا جا سکیں ۔

وفاقی وزیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے حکومت کو کوئی اعتراض نہیں سکلڈ ورکرز کی ہمارے پاس کمی ہے اور بیرون ملک طلب زیادہ ہے بعض ممالک کے حکمران خاندان کے افراد بھی ویزوں کا کاروبار کر رہے ہیں جسکی وجہ سے پرائیویٹ ٹریول ایجنٹ جعلی سازی اور دھوکہ دہی کرتے ہیں ۔سینیٹر رحمان ملک ،نجمہ حمید نے تجویز دی کہ نرسوں کی تربیت کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں جس پر وفاقی وزر پر سید صدرلدین شاہ راشدی نے کہا کہ ایف ایٹ اسلام آباد میں الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے تعاون سے سالانہ 50نرسوں کی تربیت کا پروگرام ہے ۔

ایک نر س کی چار سالہ ڈگری پر 20لاکھ روپے خرچ ہونگے اورسیز پاکستانیوں کے تمام قوائف کو کمپیوٹراز کرنے کے لئے نادرا سے لنک کیا جا رہا ہے ۔کمیٹی میں آگاہ کیا گیا کہ مختلف ممالک میں 41لاکھ پاکستانی ملازمتیں کر رہے ہیں ۔2014تک پندرہ ارب ڈالر زر مبادلہ آیا ۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ وزارت میں سات سیکریٹری تبدیل ہو چکے ہیں اور بتایا کہ بیورو آف ایمی گریشن سے پوچھ گچھ کر رہا ہوں کہ 1976سے 2015تک صرف 19ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے لائسنس منسوح کئے گئے ہیں اور کمیٹی کو یقین دلایا کہ کمیٹی کی سفارشات اور ہدایات کی روشنی میں وزارت اور ملحقہ اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے ۔

کمیٹی کے اجلاس میں چیئر مین کمیٹی نے کے پی کے ورکرز ویلفیر بورڈ کے 2ہزار سے زائد ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے حوالے سے کہا کہ بغیر اشتہار بھرتی کئے گئے افراد کے ذمہ داران میں سے صرف سیکریٹری کو گرفتار کیا گیا ہے سیکریٹری سے اوپر اور سیکریٹری سے نیچے ملازمین اور اعلیٰ شخصیات کے خلاف بھی کاروائی ہونی چاہیے اور ہدایت دی کہ درجہ چہارم کے تمام ملازمین کو مستقل اور جن ملازمین کی اسناد ، ڈومیسائل اور تعلیم درست ہے کو بھی مستقل کیا جائے ۔

کمیٹی جلاس میں سینٹرز رحمان ملک ، نجمہ حمید ، نگہت مرزا کے علاوہ وفاقی وزیر پیر صدرلدین شاہ راشدی ، سیکریٹری وزارت خضر حیات خان ، ڈی جی بیورو آف ایمی گریشن ، ایم ڈی او پی ایف، اے ایم ڈی ،او ای سی اور چیئر مین ای اوبی آئی شریک ہوئے ۔