سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخر ، دوبارہ اجراء سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ،سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں آج سماعت کرے گی،الیکشن کمیشن کا اعلامیہ

بدھ 29 جولائی 2015 08:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جولائی۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخر کرتے ہوئے اس کا دوبارہ اجراء سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کردیا ہے،سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں آج (بدھ کو )سماعت کرے گی،الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں صوبوں میں سپریم کورٹ نے 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات جاری کئے تھے اور اس سلسلے میں28جولائی کو الیکشن کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم دونوں صوبوں نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں موجودہ سیلاب کی صورتحال اور جج سیزن کے باعث انتخابات ستمبر میں کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا ہے،پنجاب کے سینئر وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب20ستمبر کو الیکشن کرانے کیلئے تیار ہے،چونکہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتخابات آگے بڑھانے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے درخواست منظورنہ کی تو پھر پرانی تاریخوں پر ہی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ انہیں17اگست کو دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کرنے کی اجازت دی جائے،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں ایک اضافی درخواست بھی دائر کی ہے جس میں پرانے شیڈول پر نظرثانی کی بھی استدعا کی ہے،اس سلسلے میں سپریم کورٹ آج بدھ کو مذکورہ درخواستوں کی سماعت کرے گی،واضح رہے کہ جسٹس جواد ایس خواجہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں صوبوں میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر چکے ہیں جس کی سماعت بھی آج بدھ کو کئے جانے کا امکان ہے،واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں جس میں انہوں نے موجودہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے افسران کی عدم دستیابی،انتخابی فہرستوں کے نامکمل ہونے اور دیگر مسائل کی وجہ سے مقررہ تاریخوں میں انتخابات کے انعقاد سے معذوری ظاہر کی تھی