پاک روس پہلی مشترکہ فوجی مشقیں ستمبر میں ہونگی، دفاعی بجٹ قومی بجٹ کا 17 فیصد ہے،2001ء سے اب تک دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 4ارب ڈالرملے،19ارب ملنے چاہیں تھے،فوجی عدالتوں میں 66 مقدمات زیر سماعت،7 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں 6 کو سزائے موت دی، سینیٹ کمیٹی دفاع کو بریفنگ

منگل 28 جولائی 2015 09:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان پہلی بار مشترکہ فوجی مشقیں ستمبر میں شروع ہونگی ۔ روس نے پاکستانی فوج کو تربیت دینے کی دعوت دی ہے ۔ پیر کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا ان کیمرہ اجلاس سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور سیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دفاعی قائمہ کمیٹی کو خواجہ آصف اور سیکرٹری دفاع نے دفاعی بجٹ اور آپریشن ضرب عضب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ قومی بجٹ کا سترہ فیصد ہے 2001ء میں اب تک دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 4ارب ڈالر سے زائد رقم ملی ہیجبکہ 19 ارب ڈالر سے زائد ملنے چاہیے تھا آپریشن ضرب عضب کامیابی کی جانب گامزن ہے پاک فوج دہشتگردوں کو شکست سے دو چار کرکے ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی لائی ہے کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں میں 66 مقدمات زیر سماعت ہیں سات مقدمات میں سزائے سنائی جا چکی ہیں چھ کو سزائے موت دی جا چکی ہے کمیٹی کو روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت سمت میں جارہی ہے روس نے پہلی بار پاکستانی افواج کو تربیت دینے کی دعوت دی ہے جو خوش آئند ہے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مشقیں ستمبر کے مہینے میں ہوگی ۔