وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس،اقتصادی راہداری منصوبے پر بریفنگ،جاری ترقیا تی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار،بجلی منصوبوں کو تیز کرنے کی ہدایت،ملک کو بجلی بحران سے نکال کر عوام کو تحفہ دیں گے، نواز شریف

منگل 28 جولائی 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں خوشحالی کا ضامن ہے،آئندہ عام انتخابات سے قبل ملک کو بجلی بحران سے ہر صورت نکالیں گے،پیر کے روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں اقتصادی راہداری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے،اجلاس میں وفاقی وزراء پرویز رشید،خواجہ سعد رفیق ،مشاہد اللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،حکام کی جانب سے اقتصادی راہداری منصوبے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت جاری بجلی منصوبوں اور گوادر ائیر پورٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ 2017 ء تک پشاور سے کراچی موٹروے کے مختلف حصوں کو مکمل کیا جائے اور پشاور سے کراچی تک تمام ریلوے سٹیشن کو بھی اپ گریڈ کیا جائے تا کہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں،وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان ترقی کیلئے انقلاب ثابت ہوگا اور یہ منصوبہ خطے میں خوشحالی کا ضمن ہے،ملک میں اس وقت بجلی کا شدید بحران ہے جن کے حل کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے اورالیکشن سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں پر کاربند ہے،ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل بجلی کے بحران سے چھٹکارا حاصل کر کے عوام کو تحفہ دیں گے۔