پنجاب میں گیس سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی فیزیبلٹی رپورٹس تیار‘ شہبازشریف،پنجاب حکومت اپنے وسائل سے شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں گیس سے 1200میگا واٹ کا منصوبہ لگائے گی، وفاقی حکومت 1200میگا واٹ کا ایک منصوبہ بلوکی اور 1200میگا واٹ کا ایک منصوبہ حویلی بہادر شاہ میں لگائے گی ،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے بجلی منصوبوں کیلئے جتنی سنجیدہ کاوشیں کی ہیں اسکی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس

پیر 27 جولائی 2015 08:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلارہی ہے -موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے لئے جتنی سنجیدہ کاوشیں کی ہیں اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی - تیز رفتار ترقی کے لئے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایاجا رہاہے-پنجاب میں کوئلے،گیس ،ہائیڈل، سولراور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا رہاہے جبکہ صوبے میں گیس سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے،جس کے تحت پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200میگا واٹ کا گیس پاورمنصوبہ شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں لگائے گی جبکہ وفاقی حکومت 1200میگا واٹ کا گیس پاور کاایک منصوبہ بلوکی اور 1200میگا واٹ کا گیس پاور کاایک منصوبہ حویلی بہادر شاہ ،جھنگ میں لگائے گی -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پنجاب میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر پیش رفت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اورتوانائی بحران پر قابو پانے کے لئے پنجاب میں گیس سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں،گیس سے بجلی کے حصول کے لئے ان تینوں منصوبوں کی فیزیبلٹی رپورٹس تیار کر لی گئی ہیں -انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس ملک وقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیاجس سے منصوبے تعطل کا شکار ہوئے تاہم اب نئے عزم او رمحنت سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی کریں گے اور ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری امور جلد سے جلد طے کئے جائیں کیونکہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جہاں بھی وقت بچ سکے بچایا جائے-متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت ان منصوبوں کو آگے بڑھائیں اوران منصوبوں کے امور کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے-وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی،چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری زراعت، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پارک اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔