خراب موسم کے باعث وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر لیہ نہ اتر سکا، مختلف بستیوں کا دورہ،ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کا ایک ہی سبق ہے کہ جھوٹ، غلط بیانی اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرکے ہم سب متحدہو کر ملک و قوم کی تعمیر کریں، جنرل مشرف اور پرویزالہٰی نے اپنے دور میں ڈیموں پر کام نہیں ہونے دیا:شہبازشریف، وزیراعظم نواز شریف نے آتے ہی بھاشا اور داسو ڈیموں کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے، دونوں ڈیموں کیلئے اربوں روپے مختص ، سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،جب تک پانی سمندر میں اتر نہیں جاتا میں اپنے بہن بھائیوں کے پاس آتا جاتا رہوں گا،ملتان میٹرو بس منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا ، لاکھوں غریب عوام خصوصاً طلبا باکفایت، آرام دہ اور تیز رفتار بسوں پر سفر کرینگے،وزیراعلیٰ پنجاب کامختلف مقامات پر عوام سے خطاب،ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا اچانک دورہ اورمیڈیا سے گفتگو

اتوار 26 جولائی 2015 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل مشرف اور پرویزالہٰی نے اپنے دور میں ڈیموں پر کام نہیں ہونے دیاتاہم وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقتدارمیں آتے ہی دیا میر بھاشا اور داسو ڈیموں کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے اور دونوں ڈیموں کی تعمیر کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں اور ان دو بڑے ڈیموں کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں سیاسی بیانات سے نہیں، عمل سے ترقی کرتی ہیں۔متاثرین سیلاب بخوبی جانتے ہیں کہ 2010، 2014 اور اب 2015 میں کون ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کون عوام کی مصیبت پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ اوردیگرمقامات کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنا تھا تاہم خراب موسم کے باعث ان کا ہیلی کاپٹر لیہ نہ اتر سکا اور پروگرام میں تبدیلی کی گئی۔ ملتان واپس جاتے ہوئے وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹرنے بستی ونڈاں موہلن میں ہنگامی لینڈنگ کی ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو دیکھ کر عوام بڑی تعداد میں اکٹھے ہو گئے اور انہوں نے مسرت کا اظہار کیا اور ”شہباز شریف زندہ باد اور شیر آیا “ کے نعرے لگائے۔

وزیراعلیٰ نے مختلف بستیوں کا دورہ بھی کیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ ملتان پہنچے اور انہوں نے میٹرو بس پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کا ایک ہی سبق ہے کہ جھوٹ، غلط بیانی اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرکے ہم سب متحدہو کر ملک و قوم کی تعمیر کریں اور جن لوگوں نے دھرنے کی آڑ میں قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا انہیں اب ملک کیلئے سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ دھر نے عوامی منصوبوں میں رکاوٹ کا باعث بنے اورمعیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔جوڈیشل کمیشن نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے تاریخی فیصلہ دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔

زمینی حقائق کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کیلئے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ رہا ہوں۔ سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پوری انتظامی مشینری مل کر کام کر رہی ہے۔ پاک افواج، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مصروف عمل ہیں۔ میرا جینا مرنا میرے عوام کے ساتھ ہے۔ سیلاب متاثرین کو 2010 اور 2014 میں بھی تنہا نہیں چھوڑا تھا اور اب بھی ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور جب تک پانی سمندر میں اتر نہیں جاتا میں اپنے بہن بھائیوں کے پاس آتا جاتا رہوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا تھا، میں کچھ مقامات پر پہنچ پایا تاہم خراب موسم کے باعث لیہ اور دیگر مقامات نہیں جا سکا،رحیم یار خان اورڈیرہ غازی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر جانے کی کوشش کی لیکن وہاں بھی موسم خراب تھا،جس کی وجہ سے مجھے ملتان رکنا پڑا جس کے باعث میں نے آج ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا اور اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا ہے۔

بلاشبہ ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔عوام بخوبی جانتے ہیں کہ دور آمریت میں پنجاب کے حکمرانوں کے منصوبوں کی تعمیر کا معیار کیا تھا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورمیں عوامی منصوبوں کی تعمیر کا معیار کیا ہے ،ہمارے دورکے تعمیراتی منصوبے اعلی معیار کا شاہکارہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں غریب عوام خصوصاً طلبا و طالبات جدید، باکفایت، آرام دہ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی منزل پر بروقت پہنچیں گے اور ان کا دیرینہ مسئلہ میٹرو بسیں حل کریں گی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ لاہور سے جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف امدادی کاموں کی براہ راست خود نگرانی کر رہے ہیں