آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے منتخب ارکان کے بارے میں محتاط رویہ اختیار کیا جائے گا ؛وزیراعظم نواز شریف کا فیصلہ

اتوار 26 جولائی 2015 08:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء) وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور ان کے قریبی رفقاء نے فیصلہ کیا ہے آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اوران کے منتخب ممبران کے بارے میں محتاط رویہ اختیار کیا جائے تاکہ ملک میں انتشار کی فضا قائم نہ ہو سکے‘ خبر رساں ادارے کو حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنی خاندان کے علاوہ اپنے بعض قریبی ساتھیوں سے مشورہ کرنے کے بعد یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آئندہ چند یوم میں عمران خان سے رابطہ کر کے ان بلمشافہ ملاقات کرے گی اور کوشش کی جائے گی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ون ٹو ون ملاقات ہو سکے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ساتھ ساتھ بعض جوشیلے ممبران قومی اسمبلی پر بھی واضح کر دیا ہے کہ ملک کی ترقی‘ استحکام اور جمہوریت کی جدوجہد کو کسی صورت بھی متاثر نہ ہونے دیا جائے اور اس سلسلہ میں وزراء اور ممبران اسمبلی جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے قائد اور اس کی جماعت کے بارے میں مثبت رویہ اختیار کریں تاکہ پاکستان جو کہ اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اسے کوئی نقصان نہ پہنچے۔