پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر نے کا خواہاں ہے،طارق فاطمی ، دہشتگردی کی لعنت کے خلاف فیصلہ کن جنگ جیتی جائے گی،سیاسی طور پر مستحکم،معاشی طور پر ابھرتا ہوا اور جمہوری پاکستان امریکہ کا مضبوط ساتھی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی خارجہ امور کی امریکی نائب وزیر دفاع اور چئیرمین رولز کمیٹی ایوان نمائندگان سے ملاقاتیں

اتوار 26 جولائی 2015 08:54

اسلام آباد/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے ہفتہ کے روز پینٹا گون کا دورہ کیا اور امریکی نائب وزیر دفاع رابرٹ ورک کے ساتھ ملاقات کی،گرم جوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں فریقین نے مشترکہ سٹرٹیجک مفادات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات آگے کی سمت میں بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے سیکورٹی چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں پاکستان کی مدد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے اس عزم کو دوہرایا کہ دہشتگردی کی لعنت کے خلاف فیصلہ کن جنگ جیتی جائے گی۔دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ دفاعی مشاورتی گروپ جو کہ دوطرفہ سٹرٹیجک مذاکرات کے تحت ایک ورکنگ گروپ ہے کئی اہم شعبوں میں قریبی اور کامیاب شراکت داری کیلئے پائیدار میکنزم رہا ہے۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر دفاع کو پاکستان کی اس خواہش کے حوالے سے بھی بریف کیا کہ وہ پرامن محفوظ اور خوشحال ہمسائیہ کے قیام کے حوالے سے اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے اس حوالے سے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مدد سمیت وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے کئے گئے خصوصی اقدامات کو اجاگر کیا۔

دریں اثناء طارق فاطمی نے ایوان نمائندگان کی قوانین بارے کمیٹی کے چےئرمین پیٹے سیشنز سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بریف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر مستحکم،معاشی طور پر ابھرتا ہوا اور جمہوری پاکستان امریکہ کا مضبوط ساتھی ہے۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیکورٹی اور اقتصادی تعاون کے حوالے سے معاملات اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔چےئرمین رولز کمیٹی نے دوطرفہ تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو سراہا اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد میں پاکستانیوں کی قربانیوں کی تعریف کی