اقتصادی راہداری کے سہانے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے ہر قسم کی قربانی کا عزم رکھتے ہیں،جنرل راحیل شریف،آرمی چیف کا پنجگور کا دورہ،زیر تعمیر سڑکوں اور شراہوں کا جائزہ لیا،آئی ایس پی آر،ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ،آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کی کارکردگی کو سراہا

اتوار 26 جولائی 2015 08:43

پنجگور،راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء)پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ انتہائی اہم ہے،اس منصوبے سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی، منصوبے کیخلاف دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہی ہیں،اقتصادی راہداری منصوبے کو ہر صورت مکمل کیاجائیگا،بلوچستان میں امن کا قیام خطے میں ترقی اور خوشحالی کیلئے پہلا قدم ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق ہفتہ کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پنجگور میں اقتصادی راہداری کی زیر تعمیر سڑکوں اور مختلف شاہراہوں کا دورہ کیا،اس موقع پر آرمی چیف کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،آرمی چیف کو بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او کی مدد سے اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے سڑکیں اور مختلف شاہراہوں پر تیزی سے کام جاری ہے،ایف ڈبلیو او 870 کلو میٹر ایک طویل سڑک پر کام کررہی ہے جو کہ ڈیڑھ سال میں502 کلو میٹر سڑک پرکام مکمل کر لیا گیا ہے اس قومی منصوبے کی تکمیل کے دوران متعدد اہلکار شہید بھی ہو چکے ہیں،آرمی چیف مزید بتایا کہ ایف ڈبلیو او کے11 یونٹس بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قومی تعمیر کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور یہ منصوبے انتہائی تیزی کے ساتھ مکمل کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے قومی ترقیاتی منصوبوں پر ایف ڈبلیو اوکی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ترقیاتی منصوبوں کے دوران جان قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی منصوبوں کیلئے غیر مشروط تعاون کرنے پر بلوچستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری قومی نوعیت کا انتہائی اہم منصوبہ ہے جسے ہر صورت مکمل کیا جائیگا اس منصوبے کے خلاف دشمنوں کی مہم جوئی سے مکمل آگاہ ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا،آرمی چیف نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نے انتہائی قلیل اور مشکلات کے باوجود قومی منصوبے جلد مکمل کررہی ہے جو قابل تعریف ہے، انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کیلئے مسلح افواج کسی بھی قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتی ہے اور اس خوبصورت اور سہانے خواب کو حقیقت میں بدلے گی،آرمی چیف نے کہا کہ ان شاہراہوں کی تعمیر سے گوادر پورے ملک سے منسلک ہو جائیگا،ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا،آرمی چیف نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور ایف سی کے آپریشن قابل ستائش ہیں،بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے جو کہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کیلئے پہلا قدم ہے۔