رحیم یار خان،پنجاب پولیس کا وزیراعظم سے ملنے کی کوشش پر متاثرین سیلاب پر تشدد ،حکومت پنجاب کا واقعہ پراظہار افسوس، مذمت

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:24

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی رحیم یار خان میں آمد ، پنجاب پولیس اہلکاروں نے وزیراعظم سے ملنے کی کوشش پر متاثرین سیلاب کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔ حکومت پنجاب کا واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذمت ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز رحیم یار خان کے علاقے چاچڑاں میں وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر سیلاب متاثرین نے وزیراعظم سے ملاقات کی کوشش کی جس پر پنجاب پولیس کے اہلکار آپے سے باہر ہوگئے اور متاثرین پر تشدد شروع کردیا پولیس نے متاثرین سیلاب پر لاٹھیاں برسائی اور دھکے دے کر وزیراعظم سے دور رکھا جس پر متاثرین سیلاب نے پنجاب پولیس کے رویے پر بھرپور احتجاج کیا اور وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کیخلاف شدید نعرے بازی کی واقع پر پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے اپنا موقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کو متاثرین کے ساتھ ایسا رویہ نہیں اپنانا چاہیے تھا جبکہ متاثرین پر تشدد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود نوٹس لیں گے اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائینگے ۔