رینجرز حکام نے متحدہ کے رکن علی رضا عابدی کے کزن کو رہا کردیا ،رینجرز نے متحدہ رکن اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ سے 3میں سے ایک ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی،ملزم ٹارگٹ کلر یامین عرف اے ڈی 10افراد کے قتل میں ملوث تھا،ترجمان رینجرز

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)کراچی کے علاقے کلفٹن سے گزشتہ رات متحدہ کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ سے زیر حراست لیے گئے علی رضا عابدی کے کزن حسن رضا کو رینجرز حکام نے رہا کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حسن رضا رینجرز کی حراست سے رہا ہوگئے ہیں۔ حسن رضا جو متحدہ کے قومی اسمبلی ممبر علی رضا عابدی کے رشتہ دار بھی ہیں، ان کو رینجرز حکام نے کلفٹن پر واقع علی رضا عابدی کے ہی ریسٹورنٹ پر کارروائی کے دوران 2افراد سمیت حراست میں لے لیا تھا۔

ادھرکراچی کے علاقے کلفٹن میں رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ سے 3میں ایک ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی ہے ، ملزم ٹارگٹ کلر یامین عرف اے ڈی 10افراد کے قتل میں ملوث تھا ۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق مذکورہ ریسٹورنٹ میں مشکوک سرگرمیوں کے باعث گذشتہ چند دنوں سے نگرانی کی جارہی تھی،جمعرات کی شب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر یامین عرف اے ڈی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے 2014میں گڈلک ہال کے قریب 4افراد کو قتل کیا تھا،گرفتار ملزم ڈکیتی اور بھتا وصول کرنے میں بھی ملوث ہے، گرفتار ملزم ہڑتالوں میں پر تشدد واقعات میں ملوث رہا ہے ۔یاد رہے کہ جمعرات کی شب رینجرز نے ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر 4افراد کو حراست میں لے لیا تھا جس میں سے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے کزن کو جمعہ کی صبح رہا کردیا گیا تھا ۔