جوڈیشل کمیشن نے فیصلہ میرٹ پر دیا ، اسحاق ڈار ،ہمارا دامن صاف اور ضمیر مطمئن تھا اس لئے اللہ نے ہمیں سرخرو کیا‘ ججز صاحبان نے ایک ایک چیز کا جائزہ لیا ہمیں کسی سے معافی نہیں منگوانی‘تحریک انصاف نے لکھ کر دیا تھا جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد تمام الزامات ختم ہو جائینگے،الیکشن 2018ء میں ہی ہونگے تب تک انتظار کرنا پڑیگا، ملک کو قرضوں پر چلانے کا رواج ختم ہو رہا ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو مزید فائدہ ہو گا،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے فیصلہ میرٹ پرملک و قوم کے مفاد میں دیا ہم نے کھلے دل کے ساتھ عمران خان کے مطالبات مانے تھے۔ تحریک انصاف نے لکھ کر دیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد تمام الزامات ختم ہو جائینگے۔ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ دونوں جماعتوں نے قبول کیا ہے الیکشن 2018ء میں ہی ہونگے تب تک انتظار کرنا پڑیگا‘ قرضوں پر ملک چلانے کا رواج ختم ہو چکا ہے بجٹ خسارے کو 8 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد پر لے آئے ہیں‘ اگلے سال بجٹ خسارے میں مزید کمی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف اور ضمیر مطمئن تھا اس لئے اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔

(جاری ہے)

ججز صاحبان نے ایک ایک چیز کا جائزہ لیا ہمیں کسی سے معافی نہیں منگوانی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تقریر میں بھی تمام جماعتوں کو ساتھ کر چلنے کی بات کی ہے‘ تحریک انصاف کو اب پارلیمنٹ میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیئے۔

دھرنے کے بعد مجھے مذاکرات کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ انتخابی اصلاحات کے لئے ہمیں آئین میں ترمیم بھی کرنا پری تو کرینگے۔ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے اور بجٹ خسارہ کو ہم 8 فیصد سے 5 فیصد پر لے آئے ہیں اور آئندہ سال بجٹ خسارے میں مزید کمی آئے گی اب ملک کو قرضوں پر چلانے کا رواج ختم ہو رہا ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو مزید فائدہ ہو گا۔