افغان حکومت ، طالبان امن مذاکرات کا آئندہ دور30 ، 31 جولائی کو ہوگا،میزبانی کیلئے چین ،پاکستان ،افغانستان اور امریکہ کے درمیان مشاورت جاری ہے،افغان امن کونسل

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:21

اسلام آباد،کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا آئندہ دور رواں ماہ کے آخر میں 30 اور31 جولائی کو ہوگا،چین میزبانی کیلئے خواہشمند،حتمی فیصلہ ایک دو روز میں ہوگا۔ جمعہ کے روز افغان امن کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کا اگلا 2 روزہ دور 30 اور31 جولائی کو ہوگا،مذاکرات کے دوسرے کے مقامات کیلئے پاکستان،افغانستان ،چین اور امریکہ کے درمیان مشاورت جاری ہے ا س سلسلے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں کر لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

حکومت کی اعلیٰ سطحی امن مذاکراتی باڈی افغان امن شوریٰ کونسل کے ایک رکن محمد اسماعیل قاسم یار نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ مذاکرات کا دوسرا روز 30جولائی یا رواں ماہ کی 31تاریخ کو منعقد ہوگا ۔ رپورٹ کے مطابق مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کیلئے چین نے خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم مشاورت کے بعد ہی حتمی مقام کا اعلان کیا جائیگا۔واضح رہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پاکستان کے ٹھنڈے علاقے مری میں ہوا ،مذاکرات میں چین ،امریکہ نے بھی شرکت کی جبکہ افغان طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے