تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس ‘پی ٹی آئی رہنماؤں نے دھرنے اور اس کے بعد کی حکمت عملی میں ناکامی کا ملبہ شیخ رشید احمد کے سر ڈال دیا ‘عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو پارٹی معاملات سے الگ رکھنے کا فیصلہ

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں نے دھرنے اور اس کے بعد کی حکمت عملی میں ناکامی کا ملبہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے سر پر ڈال دیا اور انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا تاہم پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں نے دھرنے اور بعد کی حکمت عملی میں ناکامی کا ذمہ دار شیخ رشید احمد کو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو بہلایا اور غلط مشورے دئیے جس سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

دھرنے کے دوران اور بعد میں شیخ رشید کے دئیے گئے مشوروں نے پارٹی کو دیوارسے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور پارٹی رہنماؤں نے کہاکہ یہ پارٹی کے معاملات میں مداخلت ہے او رآئندہ شیخ رشید کو نہ تو کسی احتجاج یا اتحاد میں شامل کیا جائیگا اور نہ ہی ان کی کوئی بات سنی جائے گی ان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیا جائیگا۔