الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی تجویز دیدی، سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ،سیلابی صورتحال کے با عث سیکیورٹی ا دارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سندھ میں انتخابی قوائد بھی موجود نہیں ،سیکرٹری الیکشن کمیشن

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی تجویز دیدی۔ انتخابی سیڈول موخر کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ میں اس وقت سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور اس حوالے سے سیکیورٹی ا داروں کے اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں 1 پولنگ اسٹیشن میں 2 سیکیورٹی اہلکار درکار ہیں اس حوالے سے دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مشکلات ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ میں انتخابی قوائد موجود نہ ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی کی چھپائی نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 28 جولائی کو سندھ کا انتخابی شیڈول جاری کرنا تھا جبکہ اب الیکشن کمیشن نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کرے گا اور سپریم کورٹ میں 17 اگست تک نئے انتخابی شیڈول کے اجراء کی درخواست کرے گا۔