ایم کیو ایم کے تمام زونل ، ضلعی دفاتر تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ، رینجرز کے چھاپوں ، آئے روز کارکنان کی پکڑ دھکڑ نے ایم کیو ایم کو بیک فٹ پر جانے پر مجبور کر دیا

جمعہ 24 جولائی 2015 09:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے تمام زونل ، ضلعی دفاتر تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ ، رینجرز کے چھاپوں ، آئے روز کارکنان کی پکڑ دھکڑ نے ایم کیو ایم کو بیک فٹ پر جانے پر مجبور کر دیا ہے نائن زیرو عملی طور پر ویسے ہی غیر فعال ہے ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے دیرینہ ساتھیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پکڑ دھکڑ سے بچانے اور اپنا تنظیمی نیٹ ورک محفوظ بنانے کے لئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جس کے تحت فی الحال تمام سطح کے دفاتر بند کئے جا رہے ہیں اور تمام کارکنان کو زیر زمین چلے جانے کی ہدایات دی گئی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اگست 2016 تک جاری رہ سکتے ہیں ۔اس کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے دوبارہ دفاتر کھولنے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چونکہ فطرانہ ، قربانی کی کھالوں اور دیگر تمام قسم کے چندوں پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے اور ایم کیو ایم کو ان دفاتر کو چلانے میں مشکلات درپیش ہیں اس لئے بھی ان دفاتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔