وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک کادورہ مختصر کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ موخر کر کے فوری طورپرپاکستان واپس پہنچے، وطن واپسی کے فوراً بعد بغیر آرام کئے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کاکئی گھنٹے طویل طوفانی دورہ ، ڈیرہ غازی خان،جھکڑامام شاہ ،راجن پور اورمٹھن کوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین سے ملاقاتیں،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ،کوئی تکلیف کوئی بیماری مجھے اپنے عوام سے دور نہیں رکھ سکتی، اپنا علاج چھوڑ کرسیلاب متاثرین کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں:شہبازشریف، جھکڑ امام شاہ میں بند میں شگاف پڑنے پر متعلقہ افسران کی سخت سرزنش ،غفلت کرنیوالوں کو قانون کے تحت سخت سزائیں ملیں گی،بند کاشگاف پرہونے تک صوبائی وزیر، سیکرٹری اور متعلقہ حکام کو موقع پر موجود رہنے کی ہدایت، وقت آگیا ہے سب ملکر پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے کام کریں: کوٹ مٹھن میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 جولائی 2015 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک کادورہ مختصر کرتے ہوئے اپنا طبی معائنہ موخر کر کے فوری طورپرپاکستان واپس پہنچے اور انہوں نے وطن واپسی کے فوراً بعد بغیر آرام کئے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا طوفانی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف طویل سفر کے بعد جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان،جھکڑامام شاہ ،ضلع راجن پور اورمٹھن کوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں میں گئے اور ان کایہ دورہ کئی گھنٹوں پر محیط تھا۔

وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے دوران متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے جھکڑ امام شاہ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تکلیف کوئی بیماری مجھے اپنے عوام سے دور نہیں رکھ سکتی۔ اپنا علاج چھوڑ کرمصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔

جب تک آپ مشکل میں ہیں آپ کے پاس آتا رہوں گااور سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک کسی صورت چین سے نہیں بیٹھوں گا۔سیلاب کے پانیوں میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑوں گااورانہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔2010ء کی طرز پر سیلاب متاثرین کی آبادکاری کی جائے گی اور ہر متاثرہ فرد کی آباد کاری تک یہاں آتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ وہ عید کی تعطیلات میں اپنے علاج کی غرض سے لندن گئے ہوئے تھے تاہم اس دوران ویڈیوکانفرنس اورٹیلی فون کے ذریعے صوبے میں سیلاب کی صورتحال بارے لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لیتے رہے ہیں لیکن جھکڑ امام شاہ میں شگاف کی اطلاع ملتے ہی وہ علاج کو ادھورا چھوڑ کرپانیوں میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ آکھڑے ہوئے ہیں ۔

جب تک سیلابی پانی سمندر میں نہیں چلا جاتا وہ امدادی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کوٹ مٹھن میں امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ پوری قوم کو مبارک ہو۔جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن شفاف تھے۔نام نہاد دھاندلی کی آڑ میں ملکی معیشت کو جو نقصان پہنچا اس کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے،دھرنے والوں نے قوم کا وقت ضائع کیا ہے ۔

وقت آ گیا ہے کہ سب مل کر پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کریں۔جوڈیشل کمیشن نے رپورٹ دے دی ہے کہ 2013ء کے الیکشن شفاف تھے۔دھرنے دینے والوں کو اب ملک و قوم پر رحم کرنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سب ملکر ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں اور پاکستان میں بڑے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر وزیراعظم محمد نوازشریف کی حکومت نے تیزرفتاری سے کام شروع کردیا ہے اوران ڈیموں کے لئے فنڈز بھی مہیاکیے جاچکے ہیں ۔

ماضی میں ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے غفلت برتی گئی ہے تاہم اب وزیراعظم محمد نوازشریف کی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے داسواوردیامیر بھاشاڈیموں پر کام کا آغاز کردیا ہے اوریہ آئندہ چند سال میں مکمل ہوں گے جس سے سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف راجن پور بلکہ پورا جنوبی پنجاب میرا اپنا گھر ہے اور اس گھر کے باسیوں سے مجھے دلی لگاوٴہے۔

وزیراعلیٰ نے جھکڑ امام شاہ میں بند میں پڑنے والے شگاف کا بھی معائنہ کیا اور بند میں شگاف پڑنے پر متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کی اور بند کی تعمیر نو کے کام میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جھکڑامام شاہ میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے جھکڑ امام شاہ میں اتنے کم سیلابی پانی سے شگاف کا سن کر لندن سے اپنے علاج کو ملتوی کر کے سیدھا یہاں پہنچا ہوں ۔

میں نے خود گزشتہ برس اس جگہ کا معائنہ کرکے بند کی تعمیر نو کے احکامات جاری کئے تھے۔حکومت نے30 کروڑ روپے اس لئے مختص نہیں کئے کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سرخ فیتے کی نذر ہو جائے۔غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو قانون کے تحت سخت سزائیں ملیں گی۔حقائق چھپانا بھی بہت بڑا جرم ہے۔ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ عوامی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بننے والے افسروں کو شرم آنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جب تک بند میں شگاف پر نہیں کر لیا جاتا صوبائی وزیر، سیکرٹری اور متعلقہ حکام وہاں موجود رہیں اور اپنی نگرانی میں ہرممکن وسائل بروئے کار لا کر شگاف کو جلد سے جلد پر کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے بند میں پڑنے والے شگاف کو پر کرنے کیلئے کام کا بھی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔جھکڑ امام شاہ کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ کو سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ میں خود سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔وزیراعلیٰ نے راجن پور کے سیلاب متاثرہ علاقے کوٹ مٹھن کا بھی دورہ کیااوریہاں انہیں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ افراد کیلئے کیے جانیوالے انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی، چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل اور متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔