عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرلی،نوازشریف خوش قسمت ہیں جنہوں نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پہلے دیکھ لی ٗ رپورٹ دیکھ کر تفصیل سے بات کرونگا ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 جولائی 2015 08:48

چترال( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرلی چترال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات پر 21 جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگایا تاہم جوڈیشل کمیشن میں کیس صرف تحریک انصاف نے لڑا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف خوش قسمت ہیں جنہوں نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پہلے دیکھ لی تاہم اصول کے مطابق یہ رپورٹ دونوں فریقین کو دینی چاہیے تھی ٗ میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دیکھ کر ہی اس پر تفصیل سے (آج) جمعہ کو بات کروں گا۔

عمران خان نے کہاکہ ہمیں جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ منظور ہے کیونکہ کمیشن کے آغاز پر ہی تحریک انصاف کا موقف تھا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا ہم وہ تسلیم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی بحران میں سب کا اکھٹا ہونا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور کے بعد دھرنا ختم کرکے اکٹھے کام کیا، قومی بحران میں سب کا اکٹھا ہونا بہت ضروری ہے۔اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدے کے تحت جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا ٗ انتخابی دھاندلی کیس میں 2 جماعتیں فریق ہیں تاہم ایک فریق کو رپورٹ دے دی گئی اور دوسرا فریق اب تک حتمی رپورٹ سے محروم ہے۔

واضح رہے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ عام انتخابات میں منظم دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت فراہم نہ کرسکے