الطاف حسین کی ایم کیو ایم دفاتر کھولنے کی ہدایت

جمعرات 23 جولائی 2015 08:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جولائی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے تمام دفاتر بشمول نائن زیرو کو بدھ کی رات الطاف حسین کی ہدایت پر بند کردیا گیا۔ تاہم بعدازاں کارکنان کے اصرار پر انہوں نے خورشید میموریل ہال اور ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات کھولنے کی اجازت دے دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیوایم کے کسی عہدیدار نے بزدلی دکھائی تو اسے ہٹادیا جائے گا اور اب کسی ساتھی کےساتھ رعایت نہیں کی جائےگی۔

متحدہ کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ وہ برطانیہ میں رہتے ہیں اور قوانین کا احترام کرتے ہیں تاہم اگر وہ یہاں کسی مشکل میں پھنس جائیں تو کارکن نہ گھبرائیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق الطاف حسین کچھ انتظامی معاملات پر رابطہ کمیٹی سے سخت ناراض ہیں۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین کو فون کرکے ہدایت کیا کہ تمام دفاتر بند کردیے جائیں اور فوری طور پر فون بند کردیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس ہدایت کے بعد کمیٹی اراکین، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر عہدیداران نے فوری طور پر کام کرنا روک دیا تھا۔ بعد میں وہ الطاف حسین کے گھر کے باہر جمع ہوگئے تاکہ ان سے معافی مانگی جاسکے۔ ایم کیو ایم کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ الطاف بھای غصے میں ہیں اور ہم نائن زیرو پر جمع ہورہے ہیں جہاں ان کے غصہ کم ہونے کا انتظار کیا جائے گا۔