نواز شریف کی جگہ میں ہوتا تو مودی سے ہاتھ نہ ملاتا،پرویز مشرف،بھارت کے ساتھ تعلقات کے خلاف نہیں تاہم تعلقات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیں،بھارت ہمارے ساتھ پنگالے رہا ہے،کشمیر،کراچی اور بلوچستان میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں،ایم کیوایم کے منفی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو روکناچاہئے ،الطاف حسین اورزرداری نے غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے ان سے احتساب ہوناچاہئے،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 22 جولائی 2015 09:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جولائی۔2015ء)سابق صدرپرویزمشرف نے کہاہے کہ اگرنوازشریف کی جگہ میں ہوتاتوشنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے ہاتھ بھی نہ ملاتا،سیدھاکرسی پربیٹھ جاتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ تعلقات کے خلاف نہیں تاہم بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیں،ہمارے دورحکومت میں واجپائی کے ساتھ اچھے تعلقات تھے ،کوئی سرحدی کشیدگی نہیں تھی ،لیکن اب بھارت ہمارے ساتھ پنگالے رہا ہے،کشمیر،کراچی اوربلوچستان میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں،گجرات میں200مسلمانوں کے قتل عام کوبھارت دبانا چاہتا ہے ،ایسے حالات میں بھارت کے ساتھ خوشگوارتعلقات رکھنا ناممکن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری رہناچاہئے ،اوران کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہونی چاہئے ،ان کاکہنا تھا کہ ایم کیوایم میں جولوگ منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں انہیں روکناچاہئے۔

(جاری ہے)

کراچی میں رینجرزکی کارروائی پرتنقیدنہیں ہونی چاہئے ،الطاف حسین اورزرداری نے غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے ان سے احتساب ہوناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں لیڈرشپ نظرنہیں آرہی ،لیڈرشپ بالکل کمزورہے ،نئی قیادت کی ضرورت ہے ،بالکل چیک اینڈبیلنس نہیں ہے ۔

ملک کواچھے طریقے سے چلاناحکومت کاکام ہے ،ملک میں حکومت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے ،صرف نچلی سطح پرلوگوں کوپکڑاجارہاہے ،بڑے لوگوں کے اوپرہاتھ نہیں ڈالاجارہاہے ،حکمران اقتدارمیں اپنے اثاثے بڑھانے کے چکرمیں ہیں ،عوام سے بالکل لاتعلق ہیں