والدہ محترمہ کی قسم ، مہاجروں کے جائز حقوق کیلئے جدوجہداپنی آخری سانس تک کرتارہوں گا، رینجرزکے غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کوصبروتحمل کے ساتھ برداشت کررہے ہیں یقین ہے اللہ ظالموں پراپناعذاب ضرورنازل کرے گا،الطاف حسین

بدھ 22 جولائی 2015 09:05

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جولائی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے” سینئر مہاجر ورلڈکانفرنس “ کے انعقاد کے سلسلے میں پیرکودن بھر کئی سینئر دانشوروں، تاریخ دانوں، ٹیکنو کریٹس اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہاجراکابرین سے رابطہ کیا۔ ایم کیو ایم کی جاری پریس ریلیز کے مطابق پیرکی شب رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگوکرتے ہوئے انہیں اس کانفرنس کے انعقادکے حوالے سے کئے جانے والے رابطوں سے آگاہ کیاجس میں دنیابھرسے مہاجراکابرین ،دانشور، قلم کار اورٹیکنوکریٹس شرکت کریں گے۔

رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ہم رینجرزکے غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کوصبروتحمل کے ساتھ برداشت کررہے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ظالموں پراپناعذاب ضرورنازل کرے گا خواہ وہ سویلین ڈریس میں ہوں یاوردی میں ہوں۔

(جاری ہے)

اپنی گفتگو میں الطاف حسین نے انکشاف کیاکہ میری معلومات کے مطابق اس وقت آرمی خودشدیدانتشار کاشکارہے اورمیری معلومات کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی ) ، چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ہے جبکہ آئی ایس آئی کاپورامحکمہ اوراس کے اہلکارڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اخترکے ساتھ ہیں جو اس وقت آرمی چیف سے زیادہ پاور رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مزیداطلاعات کے مطابق یہ بھی معلوم ہواہے کہ جنرل رضوان اخترکوچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے بعد آرمی چیف بنایاجائے گا جس کے بارے میں عسکری حلقوں میں اعلیٰ سطح پر اور وفاقی سول حکومت کے مابین اتفاق ہوچکاہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ جنرل راحیل شریف ایک بہادر اور پروفیشنل فوجی ہیں لیکن وہ آئی ایس آئی چیف کے اقدامات کے حوالے سے انتہائی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ افغانستان ، ایران اورانڈیاکی سرحدوں کی جانب سے پاکستان پرشدید خطرات منڈلارہے ہیں ایسے میں یہ انتشارکہیں خاکم بدہن ملک کی تباہی کاباعث نہ بن جائے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ میں اپنی والدہ محترمہ خور شید بیگم ولد حافظ حاجی رحیم بخش قادری کی قسم کھاکر کہتا ہوں کہ میں مہاجروں کوان کے جائز حقوق دلانے اور انہیں ان کا جائزمقام دلانے کی جدوجہداپنی آخری سانس تک کرتارہوں گا۔

خوا ہ اس جہدوجہدکی پاداش میں مجھ پر کتنی ہی ا ذیتیں کیوں نہ ڈھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف تادم مرگ بھو ک ہڑتال کے نتیجے میں اگر میری موت واقع ہوگئی تومیری موت ،میری قسم کی سچائی کا ثبوت ہو گی ۔ الطاف حسین نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرواورانٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔