مٹی بھر افراد نے کرا چی شہر یرغمال بنا رکھا تھا، عابد شیر علی،کراچی میں 95 فیصد تک وارداتوں میں نمایاں کمی ہوئی ،جن سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگ اور جرائم پیشہ افراد شامل ہو چکے ہیں ان سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہوں کو چاہئے کہ وہ ایسے افراد کو اپنی صفوں سے نکال لیں ، گفتگو

منگل 21 جولائی 2015 08:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ایک مدت کے بعد کراچی میں صنعتکاروں ، تاجروں ، دکانداروں اور شہریوں نے بلاخوف و خطر جس طرح کاروبار کے ساتھ ساتھ عید کا تہوار منایا ہے اس سے واضح ہو گیا ہے کہ مٹی بھر افراد نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر یرغمال بنا رکھا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں جن میں رینجرز ، مسلح افواج اور پولیس شامل ہے کے ساتھ شہریوں نے کراچی شہر میں بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور قتل و غارت کی وارداتوں کو روکنے کے لئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے جو فیصلہ کیا تھا وہ درست ہے ۔

عابد شیر علی نے یہ بات خبر رساں ادارے کو ایک خصوصی ملاقات میں بتائی ۔ اس موقع پر سابق ایم این اے و میئر چودھری شیر علی بھی موجود تھے عابد شیر علی نے کہا کہ کراچی میں عید کے موقع پر 70 ارب روپے سے زائد کی خرید و فروخت ہوئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ تاجروں ، دکانداروں ، صنعتکاروں اور زندگی کے ہر شعبہ میں رہنے والے افراد کا کہنا تھا کہ کراچی میں 95 فیصد تک وارداتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگ اور جرائم پیشہ افراد شامل ہو چکے ہیں ان سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہوں کو چاہئے کہ وہ ایسے افراد کو اپنی صفوں سے نکالے اس میں ان کا ہی فائدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کراچی کو دوبارہ امن اور روشنیوں کا شہر بنا دیا جائے گا ۔عابد شیر علی نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن عناصر ملک اور اس کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے ان کے عزائم کبھی بھی پورے نہیں ہوں گے بھارت جو شرارتیں کر رہا ہے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام اس کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ہماری اور حکومت کی خواہش ہے کہ ہمسایہ اپنا رویہ درست کرے اور جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فیصلہ کرنے کا موقع دے ۔

اس میں بھارت کا ہی فائدہ ہے ورنہ بھارت نے اسی طرح کی شرارتیں جاری رکھیں تو پاکستانی عوام اینٹ کا جواب پتھر سے بھی دینا جانتے ہیں ۔عابد شیر علی نے مزید بتایا کہ چاند رات سے لے کر عید چھٹیوں کے دوران ملک بھر میں وزیر اعظم کی ہدایت پر کسی بھی جگہ پر لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی ۔ چند ایسے مقامات جہاں ٹرانسفارمر اور فیڈر میں اچانک خرابی کی وجہ سے بجلی بند ہوئی اس کو بھی جلد از جلد واپڈا کے عملہ نے مرمت کر کے بجلی کو بحال کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ چھٹیوں اور بارش کے باوجود واپڈا کے اہلکاروں اور افسران نے محنت اور لگن سے کام کیا ۔ عابد شیر علی نے بتایا کہ لندن پلان کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس میں ملوث افراد کو عوام کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ ملک کی ترقی میں کون کون سی قوتیں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں ۔ انہوں نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹ بولنے کے عادی ہیں اب وہ کنٹینر میں بیٹھنے کا موقع تلاش کر رہے ہیں مگر ان کے مجمع میں رونق لگانے والا ڈی جے بٹ جس طرح اپنے واجبات کے لئے رونا رو رہا ہے اور اس کے اہلخانہ اور بچوں نے جس طرح عید کے موقع پر آہ و بکار کی ہے پہلے عمران خان کو اس کے انصاف کرتے ہوئے اس کے واجبات ادا کر دینے چاہئے تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ واقعی ہی پاکستانی عوام کے خیر خواہ ہے مگر ان سے ایسی توقع نہیں جو شخص کسی اشارے پر کٹھ پتلی بنا ہوا ہو ۔

وہ کبھی عوام کی بہتری اور خیر خواہ نہیں ہو سکتا ۔

متعلقہ عنوان :