بلدیاتی ادارے حکومتی ترمیمی دہشتگردی کی ذد میں ہیں،بااختیار بلدیاتی نظام کیلئے تحریک چلانا پڑی تو گریز نہیں کریں گے،طاہر القادری

منگل 21 جولائی 2015 08:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے بلدیاتی ادارے حکومتی ترمیمی دہشتگردی کی ذد میں ہیں،بااختیار بلدیاتی اداروں کے لئے تحریک چلانا پڑی تو گریز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک کے قائد علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پیر کے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے موجودہ جاری کردہ ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں جن کو روکنے کے لئے اور بلدیاتی اداروں کے تحفظ کے لئے اگر کوئی تحریک بھی چلانا پڑی تو گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب قومی اداروں کو ختم و تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے جس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے ہوالے سے حکومت پنجاب نے جو آرڈیننس جاری کیا ہے وہ عوام کے حق پر ڈاکا مارنے کے مترادف ہے اور موجودہ آردیننس سے عوام کو نہیں بلکہ صرف و صرف (ن) لیگ کو ہی فائدہ ہو گا۔ طاہر القادری نے کہا کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام میں ملوث ہے جس کا ان کو حساب دینا ہو گا جبکہ شہیدوں کا خون ضرور ایک روز رنگ لائے گا جس کا سودا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔