پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار،جماعتی بنیادوں پر ہونگے، ترمیمی آرڈیننس جاری،چیئرمین،وائس چیئرمین کیلئے ایک بیلٹ پیپر ہو گا، یونین کونسل میں خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر براہ راست انتخاب ہو گا، جنرل کونسلر کی نشست کیلئے بھی الگ بیلٹ پیپر ہو گا،چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر مزدور کسان‘ نوجوان‘ خواتین اور اقلیتوں کے نمائندوں کو منتخب کریں گے

منگل 21 جولائی 2015 08:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء)پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بلدیاتی ترمیمی آردیننس جاری کر دیا ہے۔ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مرحلہ وار اور جماعتی بنیادوں پر ہو گا۔ چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر کو دیگر نمائندوں کو منتخب کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے پیر کے روز بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس جاری کیا جس میں 20 ستمبر کو صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت مختلف اوقات میں مخصوص کردہ مقامات پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

آرڈیننس میں واضح کیا گیا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لئے ایک ہی بیلٹ پیپر ہو گا جبکہ یونین کونسل میں خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر براہ راست انتخاب ہو گا اس کے علاوہ جنرل کونسلر کی نشست کے لئے بھی الگ سے بیلٹ پیپر ہو گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کے تحت چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر مل کر مزدور کسان‘ نوجوان‘ خواتین اور اقلیتوں کے نمائندوں کو منتخب کریں گے جبکہ جن امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 2013 میں فیسیں جمع کروائی تھیں ان کو دوبارہ فیس جمع نہیں کرنا ہو گی۔