کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 7افراد قتل ، پولیس اہلکار سمیت متعدد زخمی ، ملیر میں دستی بم حملے میں تین افراد زخمی

منگل 21 جولائی 2015 08:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء)کراچی پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت 7افراد کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، ملیر میں دستی بم کے حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری میں واقع علی اکبر گوٹھ میں 3افراد ہوٹل کے باہر بیٹھے تھے کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے انھیں ٹارگٹ کر کے فائرنگ کردی، فائرنگ سے تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے 1شخص کی شناخت اسلم بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک سیاسی جماعت کا سابق کارکن تھا، جبکہ ابتدائی تفتیش میں ایسا لگتا ہے کہ حملہ آوروں کا ٹارگٹ اسلم بلوچ تھا اور باقی 2فائرنگ کی زد میں ٓگئے، تاہم اس کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملیر کے علاقے آسو گوٹھ میں منشیات کے اڈے پر مسلحہ افراد نے فائرنگ کی اور کریکر بموں سے حملہ کیا، حملے میں 3افراد زخمی ہوئے، جنہیں بعد میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق منشیات کا اڈہ ٹابو کا نام شخص چلا رہا تھا۔ منشیات کے اڈے پر حملہ مخالف گروپ کے افراد کیا۔شہر قائد میں عید کے دوسرے روز بھی فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ناظم آبا د کے علاقے میں سیف اللہ کے اڈے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبرنہ ہوسکے۔

مقتولین کی شناخت ریحانہ اور فضل خالق کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول فضل خالق اے این پی کے مقامی عہدیدار کا بیٹا تھا اور واقعہ ذاتی دشمنی کا نیتجہ ہے۔ ادھرہل پارک کے قریب جواریوں کے دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکرعبدالمنان نامی شخص زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا۔پولیس کادعویٰ ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، لانڈھی مرغی خانہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار حفیظ زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیاری کے علاقے غریب شاہ مزار کے قریب فائرنگ سے ایک جاں بحق ہو گیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ،جبکہ اورنگی ٹاوٴن میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔دونوں افراد کی شنا خت ساجد اور بہادر کے نام سے ہوئی ،فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ادھر سخی حسن کے قریب فائرنگ سے 3افراد زخمی ہوگئے۔