اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان و بھارت کا سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری کا دورہ، مبصر گروپ نے بھارتی جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ و شیلنگ کے از خود شواہد اکٹھے کئے ، بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی، آئی ایس پی آر

منگل 21 جولائی 2015 08:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء) اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان و بھارت نے ورکنگ باؤنڈری سیالکوٹ کا دورہ کیا ہے۔ مبصر گروپ نے بھارتی جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ و شیلنگ کے از خود شواہد اکٹھے کئے اور بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز اقوام متحدہ کے خصوصی فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان و بھارت نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

مبصر فوجی گروپ نے بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثر ہونے والے سیالکوٹ کے علاقوں صالح پور ‘ چھیراڑ اور میلا کا دورہ کیا اور دورے کے دوران از خود بھارتی جارحیت کے شواہد اکٹھے کئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مشن گروپ نے واقع سے متعلق مختلف حقائق بھارتی جارحیت سے متاثرہ شہری آبادی میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ہے اس موقع پر مبصر گروپ نے بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے زخمی شہریوں کی قیادت کی اور زخمی ہونے والے شہریوں سے ملاقاتیں بھی کی اور زخمی سے ضروری معلومات اکٹھی کی ہیں۔