قوم کی حمایت بڑا اثاثہ ہے، اب توجہ دہشت گردوں کی مالی امداد روکنے پر ہوگی، جنرل راحیل

منگل 21 جولائی 2015 07:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء) پاک فوج كے سربراہ جنرل راحيل شريف نے كہاہے كہ دہشت گردوں کے لئے اب چھپنے کی كوئی جگہ نہيں اور اب شہری علاقوں ميں بھی دہشت گرد عناصر كے خلاف آپريشن جاری رہے گا اور ہم انشاءاللہ اپنے مشن سے پيچھے نہيں ہٹيں گے۔شمالی وزیرستان کے بكاخيل كيمپ ميں مقيم متاثرين سے خطاب ميں جنرل راحيل شريف کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد اب فرار کی راہ پر ہیں مگر انہیں چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی، آخری دہشت گرد كے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حكومت اور پاک فوج كی ہرممكن كوشش ہے كہ متاثرين شمالی وزيرستان كو جلد از جلد بحفاظت اپنی علاقوں كو واپس بھيجا جائے شمالی وزيرستان ميں اُنہوں نے آپريشن ضرب عضب ميں حاصل ہونے والي كاميابيوں اورغير معمولی پيش رفت پرپاک فوج كے جوانوں اور متاثرين شمالی وزيرستان کی ملکی سلامتی کے لئے قربانيوں كو سراہتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کےلیے اپنے گھروں سے دور رہنا قابل فخر فوجی روایت ہے۔

(جاری ہے)

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی كے خلاف پاک فوج كو پوری قوم كی حمايت حاصل ہے جوكہ ہمارے لئے سب سے بڑا اثاثہ ہےاور ہم انشاءاللہ اپنے مشن سے پيچھے نہيں ہٹيں گے اور قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ اُنہوں نے پاک فوج كے شہداء ، زخميوں اور امن كی خاطرگھر بار چھوڑنے والے متاثرين كو خراج تحسين پيش كرتے ہوئے كہا كہ ان قربانيوں كو تاريخ كے اوراق ميں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا جب کہ قانون نافذ كرنے والے اداروں كی جانب سے شہری علاقوں ميں بھی دہشت گرد عناصر كے خلاف آپريشن جاری رہے گا۔

اس سے قبل آرمی چيف نے متاثرين شمالی وزيرستان كے ساتھ عيد منانے کے لئے بكا خيل كيمپ كا دورہ كيا جہاں اُنہوں نے قبائلی مشیران اور بچوں كے ساتھ عيد منائی اور ان سے گلے ملنے کے علاوہ متاثرين كے بچوں ميں عيد گفٹ تقسيم كئے اور اُن كے ساتھ روايتی كھانا بھی كھايا۔ جنرل راحیل شریف جنوبی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر بھی پہنچے جہاں انہوں نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اورانہیں عید کی مبارک باد دی۔