شہداء کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا، شہیدوں نے قربانیاں دے کر قوم کو متحد کردیا؛ریحام خان، ریحام خان کا آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل کے اہلخانہ سے ملاقات ،عید الفطر نہایت سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ

ہفتہ 18 جولائی 2015 07:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جولائی۔2015ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر شہید پرنسپل کے اہلِ خانہ سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ شہیدوں نے قربانیاں دے کر قوم کو متحد کردیا ہے،عمران خان اور میں نے عید الفطر نہایت سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے پشاور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ریحام خان نے آرمی پبلک سکول کی شہید پرنسپل کے گھر پہنچ گئیں اور شہید پرنسپل کے لواحقین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ریحام خان نے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں اور شہید پرنسپل نے واقع کے بعدپوری قوم کو یکجا کردیا جس سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو ایک نئی جان مل گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا اور غم کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اس موقع پر ریحام خان نے کہا کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی وجہ سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور میں نے اس دفعہ عید الفطر نہایت سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور عید کا دن شہداء کے ساتھ گزاریں گے اور خوشیاں بانٹنے کی کوشش کریں گے۔