رینجرز نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے انچارج کیف الوریٰ کورہاکردیا ،رینجرزکے فاروق ستار،حیدرعباس رضوی کے گھروں پر چھاپے ، ایم کیو ایم کے دس کارکن گرفتار،حیدر عباس رضوی اور فاروق ستار گھرموجود نہ تھا،رینجرز اہلکار واپس چلے گئے،مقدمات نئی بات نہیں ایسے حربے پہلے بھی استعمال کئے گئے ،فاروق ستار

ہفتہ 18 جولائی 2015 07:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جولائی۔2015ء)رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے انچارج کیف الوریٰ کورہاکردیا ہے ،کیف الوریٰ رہائی کے بعد ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئے ہیں ۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انتہائے سحر سے قبل رینجرز نے چند اطلاعات پر ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور خورشید میموریل ہال پر چھاپہ مارا تھا اور اس چھاپے کے دوران رابطہ کمیٹی کے انچارج کیف الوریٰ اور قمر منصور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا تاہم جمعہ کی شام افطار سے قبل کیف الوریٰ کو رہا کردیا گیا ہے ۔

قبل ازیں رینجرز نے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار اورحیدرعباس رضوی کے گھروں پر بھی چھاپے مارے،دونوں رہنما چھاپے کے وقت گھروں میں موجود نہ تھے،مختلف علاقوں سے ایم کیو ایم کے دس کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

رینجرزنے گلشن اقبال میں ایم کیوایم رہنما حیدرعباس رضوی اورپی آئی بی کالونی میں فاروق ستارکی رہائشگاہ پربھی چھاپہ مارا تاہم دونوں رہنما گھر پر موجود نہ تھے جس کے بعد رینجرز اہلکار واپس چلے گئے۔

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے رینجرزکی کارروائیوں پرکڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمات کوئی نئی بات نہیں ایسے حربے پہلے بھی استعمال کئے گئے ہیں ،دوسری جانب رینجرزنے اورنگی ٹاوٴن ،ملیر،کورنگی اورنارتھ ناظم میں بھی چھاپے مارے اور10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔