2018ء تک ایران گیس پائپ لائن سے گیس کی فراہمی شروع ہونے کی امیدہے ،شاہدخاقان عباسی، ایران پر سے پابندیوں کے خاتمے کے بعدتیل اورگیس کی تجارت ہوسکے گی ،ایران سعودی عرب تعلقات بہترکرنے میں پاکستان کرداراداکرسکتاہے،ٹی وی انٹرویو

جمعرات 16 جولائی 2015 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء)وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ 2018ء تک ایران گیس پائپ لائن سے گیس کی فراہمی شروع ہونے کی امیدہے ،ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعدتیل اورگیس کی تجارت ہوسکے گی ،ایران سعودی عرب تعلقات بہترکرنے میں پاکستان کرداراداکرسکتاہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرکام جاری ہے ،امیدہے کہ 2018ء تک اس منصوبے سے گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایران اورعالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے بعدایران سے پابندیاں ختم ہوں گی جس کافائدہ پاکستان سمیت پوری دنیاکوہوگا،ہم ایران سے گیس اورتیل کی تجارت کرسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایران ہماراہمسائیہ ہے ،جس سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اورہمارے سعودی عرب سے بھی برادرانہ تعلقات ہیں خطے کے حالات کے تناظرمیں سعودی عرب اورایران کے تعلقات میں بہتری وقت کی ضرورت ہے ،پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات بہتربنانے میں کرداراداکرسکتاہے اورکرداراداکرنابھی چاہئے