این جی اوز کے حوالے سے پالیسی کاعید کے بعداعلان کر دیا جائے گا، چوہدری نثار ،سابقہ ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے ، نہ کسی دباوٴ میں آئے ہیں نہ آئیں گے، ایف آئی اے بلا خوف و خطر اپنا کام جاری رکھے، میگا کرپشن کیسز کے ہر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، اب سالوں نہیں آئندہ ہفتوں میں پیش رفت ہونی چاہیے تاکہ مکمل چالان عدالتوں میں پیش کیے جاسکیں، وفاقی وزیر داخلہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 16 جولائی 2015 08:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ این جی اوز کے حوالے سے پالیسی کاعید کے بعداعلان کر دیا جائے گا، سابقہ ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ نہ کسی دباوٴ میں آئے ہیں نہ انشاء اللہ آئیں گے۔ ایف آئی اے بلا خوف و خطر اپنا کام جاری رکھے۔

میگا کرپشن کیسز کے ہر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اب سالوں نہیں آئندہ ہفتوں میں پیش رفت ہونی چاہیے تاکہ مکمل چالان عدالتوں میں پیش کیے جاسکیں۔ وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدارت میں گزشتہ روز وزارتِ داخلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ، وزارتِ داخلہ کے سینئر اہلکاروں اور ایف آئی اے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، آئی این جی اوز کی آ ن لائن رجسٹریشن، ای سی ایل کے معاملات، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے متعلقہ امور اورمسائل اور ایف آئی اے میں زیرِ تفتیش میگا کرپشن کیسز میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان خصوصاً رمضان کے آخری ہفتے میں تراویح، محافلِ شبینہ اور عید کے اجتماعات کے لئے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ دخلہ نے اسلام آباد پولیس کے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفاتر سے نکل کر شہر کے مختلف حصوں اور ناکوں کا دورہ کریں اور امن و امان کی صورتحال اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے متعلقہ امور پر بات کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی کہ آ ن لائن سسٹم کو فائن ٹیون کیا جائے تاکہ اسکا جلد از جلداس سسٹم کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو لمبی لمبی لائنوں ، غیر ضروری دقت اور گھنٹوں گھنٹوں انتظار کی زحمت سے بچایا جاسکے۔

وزیرِ داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری کو اگلے مہینے شروع کرنے کیلئے انتظامات جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ درخواست گزاروں کو ان کے گھر پر پاسپورٹ کی ڈیلیوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ ترکِ شہریت کی درخواستوں میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیک لاگ کو ایک مہینے کے اندر کلیئر کیا جائے۔

عرصہ دراز سے بیرونِ ملک میں تعینات اور مقیم نادرا کے افسران اور سٹاف کے مختلف واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ایسے افسران اور سٹاف کو واپس بلایا جائے اور حکم عدولی کرنے والے اہلکاروں کی تنخواہ و مراعات یکم اگست سے بند کر دیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صاف اورشفاف پالیسی اور میرٹ کی بنیاد پر اہلکاروں کی بیرونِ ملک تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

میٹنگ میں آئی این جی اوز کی آ ن لائن رجسٹریشن اور اس سلسلے میں واضح پالیسی پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیااور یہ فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد اس پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ایف آئی اے میں زیرِ تفتیش میگا کرپشن کیسز جس میں ای او بی آی(ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن)، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان،متروکہ املاک ٹرسٹ بورڈ، نیو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ، پی ایس او، اور حج سکیم جیسے کیسز شامل ہیں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مختلف کیسز پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ماضی میں مختلف ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زیرِ تفتیش کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نہ وہ پہلے کسی دباوٴ میں آئے ہیں نہ ہی انشا اللہ آئندہ کوئی دباوٴ قبول کریں گے۔ انہوں نے ایف آئی اے کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنا کام جاری رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میگا کرپشن کے ہر کیس کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیرِ داخلہ نے حکام کو ہدایت کی کہ اب سالوں میں نہیں بلکہ آئندہ ہفتوں میں پیش رفت ہونی چاہیے تاکہ عدالتوں میں ہر لحاظ سے مکمل چالان پیش کیے جائیں ۔