پاکستان نے بھارت کا جاسوس طیارہ مار گرایا ،آئی ایس پی آر،بھارتی ہائی کمشنر کی آج دفتر خارجہ طلبی ،کسی بھارتی جاسوس ڈرون کے گرنے کا کوئی علم نہیں ، بھارتی ہائی کمشنر،پاکستان نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی، کشیدگی پر تشویش ہے،ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان کا بیان

جمعرات 16 جولائی 2015 08:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء) پاکستان نے بھارت کا جاسوس طیارہ مار گرایا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق جاسوس طیارہ تصاویر کھینچنے کے لئے استعمال کیا جاتا تھا جاسوس طیارہ لائن آف کنٹرول پرپاکستانی حدود بھمبر میں داخل ہوا جسے پاکستان نے مار گرایا۔ ادھربھارتی جاسوس طیارے کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو آج(جمعرات کو) دفتر خارجہ طلب کرلیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کرینگے بھارتی ڈرون طیارے کی پاکستانی سرحدی حدود میں داخل ہونے پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ایل او سی عبور کرنے والے بھارتی جاسوس طیارے کو پاکستان نے مار گرایا تھا ۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے جموں و کشمیر پر پاکستان کے قبضہ کا راگ الاپتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھارتی جاسوس ڈرون کے گرنے کا کوئی علم نہیں پاکستان نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی ،کشیدگی پر تشویش ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ بدھ کے روز پاکستانی فورسز نے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی لائن آف کنٹرول پر ہونے والی کشیدگی پر تشویش ہے۔ پاکستان کی مبینہ فائرنگ پر سیکرٹری خارجہ سے ہنگامی رابطہ کیا ہے انہون نے کہا کہ اوفا میں دونوں ممالک کے وزراء اعظم کی ملاقات سے تناؤ میں کمی آئی ہے پاکستان میں کسی بھارتی جاسوس ڈرون کے گرنے کا کوئی علم نہیں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ایک حصے پر پاکستان کا غیر قانونی قبضہ ہے۔