والدہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان دی ہے، بی بی کے مشن کی تکمیل کیلئے سندھ سے دہشتگردی،لینڈ مافیا اور کرپشن کے خلاف اداروں کا بھرپور ساتھ دیں گے،بلاول بھٹو زرداری

پیر 13 جولائی 2015 08:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 جولائی۔2015ء)پیپلزپارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ والدہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان دی ہے،بی بی شہید نے دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ آواز حق بلند کی اور بی بی کے مشن کی تکمیل کیلئے سندھ سے دہشتگردی،لینڈ مافیا اور کرپشن کے خلاف اداروں کا بھرپور ساتھ دیں گے،دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے قبل ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود تھے،ملاقات میں کراچی آپریشن،صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور ٹارگٹڈ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران چےئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے اہم مسئلے پر پیپلزپارٹی قومی اداروں کے ساتھ ہے۔

بی بی شہید نے دہشتگردی کے خلاف اپنی آواز بلند کی اور جان دے دی اور اب پیپلزپارٹی ان کے اس مشن کو آگے بڑھائے گی اور اداروں کا ساتھ دے کر صوبے بھر سے دہشتگردی کا خاتمہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشنز کی بھرپور حمایت کریں گی اور صوبے سے دہشتگردی ،بھتہ خوری،قبضہ مافیا اور کرپشن کے مکمل خاتمے تک پیپلزپارٹی قومی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اداروں کے ساتھ ملکر کراچی شہر سمیت سندھ بھر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کا وقت آگیا ہے،قومی اتحاد اور اتفاق رائے سے جلد ہی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے