کراچی آپریشن کی نگرانی کے لیے غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے ،ڈاکٹر فاروق ستار ،کمیٹی کو انتظامی اور عدالتی اختیارات حاصل ہونے چاہئیں تاکہ وہ کسی بھی شکایات کا فوری ازالہ کرسکے ، آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونا چاہیے کسی کو ٹارگٹ بنانا صحیح عمل نہیں ، رینجرز کے اختیارات کا معاملہ جب سندھ اسمبلی میں آئے گا تو وہاں اپنا موقف بیان کریں گے ، میڈیا سے بات چیت

اتوار 12 جولائی 2015 09:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی نگرانی کے لیے غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے جسے انتظامی اور عدالتی اختیارات حاصل ہونے چاہئیں تاکہ وہ کسی بھی شکایات کا فوری ازالہ کرسکے ۔وہ ہفتہ کو مقامی جیم خانہ میں کراچی یونین جرنلسٹس کے افطار ڈنر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونا چاہیے اور اس میں کسی کو ٹارگٹ بنانا صحیح عمل نہیں ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسداد دہشت گردی کے اختیارات صرف کراچی کی حد تک دینا زیادتی کے مترادف ہے اس سے عوام میں بے چینی پھیلے گی ۔جو بھی اختیار دیا جاتا ہے وہ صرف ایک شہر کے لیے نہیں پورے صوبے کے لیے ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ جب سندھ اسمبلی میں آئے گا تو وہاں اپنا موقف بیان کریں گے ۔

کراچی کے مسئلے کوصرف انتظامی طور پر نہیں بلکہ سیاسی سطح پر بھی حل کیا جانا چاہیے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ عید الفطر کے نمازکے اجتماعات میں کالعدم تنظیم داعش اور دیگر تنظیموں کی جانب سے حملے کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں ہے شہری بلا خوف و خطر عید کی نماز ادا کریں ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے ۔

کراچی میں داعش کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر کوئی ڈرامہ بازی کی تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے ۔کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز کی موجودگی انتہائی ضروری ہے ۔کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ آج کے افطار ڈنر کا مقصد تمام صحافیوں کو ایک جگہ جمع کرنا اور ان میں خوشیاں تقسیم کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کے یوجے صحافیوں کے رہائشی پروجیکٹ پر تیزی سے کام کررہی ہے اور جلد اس پروجیکٹ پر ترقیاتی کاموں کا باضابطہ آغاز کردیا جائے گا ۔افطار ڈنر میں پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں وقار مہدی ،راشد ربانی ،نجمی عالم ،ایم کیو ایم کے امین الحق ،شبیر قائم خانی ،وسیم اختر ،کے یوجے کے سیکرٹری واجد رضا اصفہانی ،سابق سیکرٹری حسن عباس سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں ،تاجر تنظیموں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔