پا ک بھا رت وزرا ئے اعظم آ ج روس کے شہر اوفا میں ملا قا ت کر یں گے ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیراعظم نواز شریف روسی، چینی اور افغان صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے، داعش پاکستان کے لئے خطرہ ہوسکتا ہے تاہم خطرے سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفننگ

جمعہ 10 جولائی 2015 09:42

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جولائی۔2015ء) ترجمان دفترخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ملاقات آج جمعہ کو روس کے شہر اوفا میں ہوگی۔ جمعرات کو ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اللہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اور انکے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ آج جمعہ کو ملاقات طے ہے جس میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ وزیراعظم نواز شریف روسی، چینی اور افغان صدور سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اوفامیں شنگھائی تعاون تنظیم کیسربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت دی جائے گی جب کہ وزیراعظم برکس کے ساتویں سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات اہم پیشرفت ہے جس کا خیرمقدم امریکا سمیت بین الاقوامی برادی نے کیا جب کہ مذاکرات میں فریقین کے درمیان پہلے باضابطہ مذاکرات تھے جب کہ مری میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان اور افغان حکومت کے اہم نمائندے موجود تھے۔

ترجمان کا جنگجو تنظیم داعش کے حوالے سے کہنا تھا کہ داعش پاکستان کے لئے خطرہ ہوسکتا ہے تاہم اس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔دفترخارجہ کے ترجمان کا سعودی عرب میں قید پاکستانی شہری زید حامد کے حوالے سے کہنا تھا کہ زید حامد کے لئے قونصلررسائی ابھی نہیں مل سکی جب کہ اس سے متعلق یاددہانی کرائی گئی ہے جب کہ زید حامد سے ان کی اہلیہ سے 6 جون کو ملاقات کرائی گئی تھی اور یہ ملاقات سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے توسط سے ہوئی۔