تحریک انصاف کا دھرنے کے دوران ملنے والی تنخواہیں حکومت کو واپس دینے کا فیصلہ ،کراچی میں امن وامان کا مسئلہ حکومت اور پولیس حل نہیں کرسکتی ، رینجرز کی کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ،عمران خان ، پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنان نواز اور زرداری کے مک مکا سے تنگ ہوکر دھڑا دھڑ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں ، افغانستان اور طالبان کے مذاکرات کامیاب ہونے سے ہمارے ملک کا فائدہ ہوگا ، جب میں نے طالبان سے مذاکرات کا کہا تھا تو مجھے طالبان خان کہا گیا ،خیبر پختونخوا میں وعدہ کیا تھا کہ کے پی کے نیب بالکل غیر جانبدار ہوگی صوبائی وزیر ضیاع اللہ پر کیس ہے اسے استعفیٰ دینا پڑے گا ، مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2015 09:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جولائی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے دھرنے کے دوران ملنے والی تنخواہوں کو حکومت کو واپس دینے کا فیصلہ کیا ہے ، کراچی میں امن وامان کا مسئلہ حکومت اور پولیس حل نہیں کرسکتی ، رینجرز کی کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ، پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنان نواز اور زرداری کے مک مکا سے تنگ ہوکر دھڑا دھڑ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں ، افغانستان اور طالبان کے مذاکرات کامیاب ہونے سے ہمارے ملک کا فائدہ ہوگا ، جب میں نے طالبان سے مذاکرات کا کہا تھا تو مجھے طالبان خان کہا گیا ، خیبر پختونخوا میں وعدہ کیا تھا کہ کے پی کے نیب بالکل غیر جانبدار ہوگی صوبائی وزیر ضیاع اللہ پر کیس ہے اسے استعفیٰ دینا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد ایک نجی ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے آ ج مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ دھرنے کے دوران حکومت کی جانب سے جو تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کو تنخواہیں ملی ہیں اس کے حقدار ہم نہیں ہیں اس لئے یہ پیسے حکومت کو واپس کئے جائیں گے عمران خان نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر خوشی ہے کیونکہ افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن ہوگا تحریک انصاف افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں کامیابی کیلئے دعا گو ہے لیکن جب میں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بات کی تھی تو اس وقت تمام سیاستدانوں نے مجھے طالبان خان کہا تھا انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کا امن وامان کا مسئلہ حل کرنے کیلئے حکومت اور پولیس مکمل ناکام ہوچکی ہے اور کراچی کے لوگ اب صرف رینجرز کی طرف دیکھ رہے ہیں اور کراچی میں رینجرز کی کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ کراچی آ آپریشن کے دوران ایم کیو ایم نے پولیس کو چن چن کر مارا اس لئے اب کراچی پولیس سے لوگوں کا اعتبار بھی اٹھ گیا ہے اب کراچی کے لوگ رینجرز کو ہی تمام مسائل کا حل سمجھتے ہیں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک انصاف کی ٹیم نے جوڈیشل کمیشن کے سامنے زبردست دلائل رکھے جوڈیشل کمیشن میں ڈھائی کروڑ ووٹوں کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے پنجاب میں آر اوز کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو فائدہ پہنچایا گیا 2015ء کا سال الیکشن کا سال ہوگا دھاندلی سامنے آمنے پر پکی امید ہے کہ انتخابات ہونگے جوڈیشل کمیشن جو بھی فیصلہ کریگی ہم قبول کرینگے ۔

عمران خان نے کہا کہ اب عوام آصف زرداری اور نواز شریف کی مک مکا کی سیاست سے تنگ آچکی ہے اور کارکنان بھی مایوس ہوکر تحریک انصاف میں دھڑا دھڑ شامل ہورہے ہیں حالانکہ پیپلزپارٹی کا واحد نظریاتی کارکن تھا تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو نئے لوگوں کو خوش آمدید کہیں گے عمران خان نے کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں آزاداور غیر جانبدار نیب بنائے گی آج ہماری نیب نے صوبائی وزیر ضیاع اللہ کو پکڑا ہے حالانکہ اس نے کے پی کے بڑے اچھے کام کئے گرفتاری پر افسوس ہے لیکن ضیاع اللہ پر کیس ہے اس لئے استعفی دینا پڑے گا خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے آنے والے ایماندار ناظم بنائینگے اس لئے خیبر پختونخوا میں شفاف انتخابات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے ۔