اوفا برکس اجلاس: بھارتی وزیر اعظم اور چینی صدر کی طویل ملاقات، بھا رتی وزیراعظم نے اقتصادی راہداری منصوبے پر اپنے تحفظات سے آ گا ہ کیا ،لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ میں بیجنگ کی پاکستان کی حمایت ناقابل قبول ہے،نریندر مودی،چین نے ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پر اپنا موٴقف حقائق پر مبنی قرار دیدیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ شفاف اور حقائق پر مبنی ٹھوس بنیادوں پر فیصلے کیے اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیاں لگائے جانے کے قانون نمبر 1267 کے معاملات پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ، چین ہر قسم کی دہشت گردی کا مخالف ہے اوردہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتا ہے،چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان

جمعہ 10 جولائی 2015 09:36

اوفا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جولائی۔2015ء)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چینی صدر سے ملاقات کی ہے، جس دوران انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبے پر اپنے تحفظات سے آگاہ بھی کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر کے درمیان یہ ملاقات روس کے شہر اوفا میں ہوئی، جہاں دونوں رہنما برکس ممالک کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم مودی اور چینی صدر ڑی جن پنگ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی، جس میں سرحدی تنازعات سمیت 2طرفہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر پر تفصیلی بات کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین کے صدر پنگ سے ملاقات کے دوران مودی نے کہا کہ لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ میں بیجنگ کی پاکستان کی حمایت ناقابل قبول ہے۔ چینی صدر نے بھارتی وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ دونوں ممالک کو لکھوی اور دہشتگردی کے مسئلے پر مذاکرات کرنے چاہئیں، ملاقات کے دوران بھارتی وزیر اعظم نے چین کی جانب سے پاکستان میں اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھارتی تحفظات سے بھی آگاہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرچین نے واضح کیا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پر اس کا موٴقف حقائق اور معقول جواز پر مبنی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ شفاف اور حقائق پر مبنی ٹھوس بنیادوں پر فیصلے کیے ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیاں لگائے جانے کے قانون نمبر 1267 کے معاملات پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کا مخالف ہے اوردہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی بھارتی وزیراعظم کے ساتھ بات چیت مثبت اور تعمیری رہی ہے اور لکھوی کے معاملے پر چین کے بھارت سمیت دیگر فریقین سے بہتر رابطے ہیں۔واضح رہے کہ گزشہ ماہ بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں کے الزام میں گرفتارذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف کارروائی کی تجویز پیش کی تھی جسے چین نے مسترد کر دیا تھا جس پر بھارت کی جانب سے شدید احتجاج اور واویلا کیا گیا جب کہ روس کے شہر اوفا میں نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی بھارت کی جانب سے ذکی الرحمان لکھوی کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔