حکومت ملک میں معیار تعلیم کی بہتری اور یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے ، نواز شریف،خواہش ہے کہ تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لایا جا سکے، دہشت گردی کا خاتمہ تعلیم سے ہی ممکن ہے،پڑھا لکھا معاشرہ ہوگا تو ملک میں دہشت گردی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کا ملالہ یوسف زئی سے ملاقا ت کے دوران اظہا ر خیا ل

جمعرات 9 جولائی 2015 09:45

اوسلو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں شعبہ تعلیم کی ترقی سمیت دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پر عزم اور معیار تعلیم کی بہتری اور یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار اانہوں نے بدھ کے روز یہاں ترقی کے لیے تعلیم کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کے بعد نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالب علم ملالہ یوسف زئی سے ملاقا ت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مشیر خارجہ برائے قومی سلامتی سرتاج عزیر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے ملالہ یوسفزئی کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں لوگ ملالہ کی بہادری اور جرات کو مثال کے طور پر دیکھتے ہیں اور اسی جرات و بہادری کی وجہ اسے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے،ہماری خواہش ہے کہ تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لایا جا سکے کیونکہ دہشت گردی کا خاتمہ تعلیم سے ہی ممکن ہے،پڑھا لکھا معاشرہ ہوگا تو ملک میں دہشت گردی نہیں ہوگی۔ملک میں ہزاروں سکولوں کی تعمیر نو کی ہے جو 2005 ء کے زلزلے میں تباہ ہوگئے تھے جبکہ ایک ہزار سکول ابھی بھی زیر تعمیر ہیں جنہیں جلد مکمل کر لیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک تباہ کر دیئے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے اوروہاں امن وامان کی فضاء قائم ہے اور چند بچ جانے والے دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔

اس موقع ملالہ یوسفزائی نے تعلیم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا کردار ساری دنیا کے سامنے ہے ،پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کا ساری دنیا اعتراف کرتی ہے۔ ملک میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کی عوام اور غریب بچوں کی خدمت کا جو خواب میں نے دیکھا ہے اسے پورا کروں ۔