عامر مارکیٹ میں بیمارچوزوں،مردہ مرغیوں کی فروخت کا انکشاف ،بیمار چوزے اور مردہ مرغیاں ہوٹلوں ،باربی کیو ،تکہ شاپس ،شادی ہالوں سمیت گھروں میں سپلائی کی جاتی ہیں

پیر 6 جولائی 2015 09:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جولائی۔2015ء) تھانہ آبپارہ کی حدود جی سیون ٹو عامر مارکیٹ المعروف مرغی مارکیٹ میں بیمار چوزوں اور مردہ مرغیوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ،بیمار چوزے اور مردہ مرغیاں ہوٹلوں ،باربی کیو ،تکہ شاپس ،شادی ہالوں سمیت گھروں میں سپلائی کی جاتی ہیں انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ خاموشی سے رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت کے شہری حرام مرغی کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔

خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق شہر بھر کے پولٹری فارموں سے روزانہ آدھا کلو سے کلو،سوا کلو اور ڈیڑھ کلو تک کے بیماری کا شکار8ہزار سے 11ہزار چوزے اور مرغیاں سستے داموں مرغی مارکیٹ میں لاکر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہواہے ۔یہ شدید بیمار وٴچوزے تھوک میں انتہائی سستے داموں خریدکر مارکیٹ میں انہیں ذبح کرنے کی صرف رسم ادا کرکے ہوٹلوں ،بار بی کیو ،تکہ شاپس ،شادی ہالوں اور گھروں میں مارکیٹ ریٹ کے مطابق سپلائی کردیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تھانہ آبپارہ کی حدود میں یہ غیر قانونی اقدام عرصہ دراز سے جاری ہے جس کی متعلقہ تھانہ کو اطلاع بھی دی گئی تاہم پولیس ا ور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج تک یہاں کوئی نہیں ا ٓیا اور اگر کوئی آبھی جائے تو مبینہ مک مکا کے بعد یہاں کا رخ نہیں کرتا جس کے باعث شہری بیمار اور مردہ گوشت کھانے پر مجبورہیں ۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کویہ بھی بتایاکہ شہر کی مختلف مارکیٹوں میں ایسے بیمارچوزے اور مردہ مرغی کا کاروبار کیا جاتا ہے جبکہ عامر مارکیٹ المعروف مرغی مارکیٹ جی سیون ٹو اس لحاظ سے خاصی مشہور ہو چکی ہے ۔کارروائی کرکے شہریوں کو حرام گوشت کھانے سے بچایا جائے ۔