سعودی عرب کا پاکستان میں دی جانے والی پولیو ویکسین پر تحفظات کا اظہار، پاکستانی عازمین حجاج کو سعودی عرب داخلے کے وقت پولیو کے قطر ے پلانے کا فیصلہ

ہفتہ 4 جولائی 2015 09:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جولائی۔2015ء)سعودی عرب نے پاکستان میں دی جانے والی پولیو ویکسین پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عازمین حجاج کو سعودی عرب داخلے کے وقت پولیو کے قطر ے پلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سعودی وزارت حج نے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو خط لکھا ہے کہ جس میں پاکستان میں حجاج کرام کو پلائی جانے والی ویکسین پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ،خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد پر سعودی حکومت کو تشویش ہے ،سعودی حکام نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی عازمین حجاج کو سعودی عرب داخلے کے وقت بھی پولیو ویکسین پلائی جائے گی ،سعودی حکومت کے مطابق پاکستان کے ساتھ ساتھ شام،عراق ،نائیجیریا ،اتھوپیا اور افغانستان کے عازمین حجاج کو بھی سعودی عرب داخلے کے وقت پولیو ویکسین پلائی جائے گی ،سعودی وزارت حج کے مطابق یہ فیصلہ دوران حج پولیو وائرس سے بچاؤ یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ صرف پاکستان میں دی جانے والی حجاج کرام کو پولیو ویکسین پر انحصار نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے پاکستانی شہریوں پر بیرون ملک سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جن کے تحت بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کیلئے پولیو کی ویکسین اور سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا لازمی ہے۔