بینظیرکے سیکورٹی گارڈ خالد شہنشاہ کو عزیر بلوچ نے قتل کیا،نبیل گبول،عزیر بلوچ کا باپ بس کنڈکٹر تھا، سرپرستی ذوالفقارمرزا نے کی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے اورسب کچھ بتا چکا ہے ،ایم کیو ایم الطاف حسین کے بغیر کچھ نہیں،ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں گندے انڈے موجود ہیں، انٹریو میں انکشافات

جمعہ 3 جولائی 2015 09:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جولائی۔2015ءِ) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت سے کچھ دیر پہلے مشکوک اشارے کرنے والے سیکورٹی گارڈ خالد شہنشاہ کو عزیر بلوچ نے قتل کیا تھا اور عزیر بلوچ نے 30افراد کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں اپنے گھر کے پچھلے حصے میں دفن کردی تھیں۔ یہ انکشافات انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کئے۔

نبیل گبول نے دعویٰ کیا کہ عزیر بلوچ نے بے شمار قتل کئے اور عزیر بلوچ کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا 2005ء میں اس نے یونین کونسل ناظم کا الیکشن پی پی کے امیدوار کے مقابلے میں لڑا تھا اور ہار گیا تھا اس کی سرپرستی ذوالفقارمرزا نے کی اور اب بھی ذوالفقارمرزا نے ہی کہا تھا کہ عزیر بلوچ کا دفاع کروں گا نبیل گبول نے کہا کہ شرجیل میمن اور دیگر رہنما عزیر بلوچ کے گھر بھی جاتے تھے۔

(جاری ہے)

عزیر بلوچ کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے اور اس کا باپ بس کنڈیکٹر تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق عزیر بلوچ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے اور وہ سب کچھ بتا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو فوج کیخلاف بیان دینے کیلئے اکسایا گیا اور پارٹی کے اندر بھی اس پر تشویش موجود ہے ایم کیو ایم سے متعلق نبیل گبول کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم الطاف حسین کے بغیر کچھ نہیں ہے کراچی کے عوام الطاف حسین سے پیار کرتے ہیں البتہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں گندے انڈے موجود ہیں ۔

ایم کیو ایم کی قیادت میں تبدیلی اس وقت بہت مشکل ہے خدانخواستہ الطاف حسین دنیا میں نہ رہیں یا گرفتار ہوجائیں تو پھر ہوسکتا ہے متبادل قیادت آگے آجائے لیکن فی الحال ممکن نہیں ہے بلاول بھٹو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو پی پی پی کو دوبارہ زندہ کرسکتے ہیں اگر بلاول باہر نکل آیا اور لوگوں میں گھل مل گیا تو پیپلز پارٹی کی پوزیشن بدل جائے گی انہوں نے کہا کہ دوبارہ پی پی کو جوائن کرنا خارج از امکان نہیں ہے ۔