35 پنکچرز کے الزام پر عارف علوی نے معافی مانگ لی،جہانگیر ترین اور نعیم الحق کا انکار،ہمیں غلط اطلاعات اور افواہوں کی تصدیق کرنی چاہیے تھے،عارف علوی، 35 پنکچر کی معافی نہیں مانگیں گے ۔جہانگیر ترین ،میں کہتا ہوں کہ الیکشن 2013 میں 35 پنکچر نہیں بلکہ 71 لگائے گئے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 08:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جولائی۔2015ءِ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی پر عام انتخابات کے بعد ’35 پنکچر‘ کا الزام لگانے پر معافی مانگ لی ہے جبکہ جہانگیر ترین اور نعیم الحق نے معافی مانگے سے انکار کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ ہمیں غلط اطلاعات اور افواہوں کی تصدیق کرنی چاہیئے تھی، تحریک انصاف نے افواہوں اور غلط اطلاعات پر نجم سیٹھی پر 35 پنکچر کا الزام لگایا جس پر قوم سے معذرت کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے اپنی غلطی پر معذرت کرنا اچھا اقدام ہے۔ادھرعارف علوی کے بیانات پر ترجمان عمران خان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی سے معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عارف علوی کو تمام حقائق کا علم نہیں تھا۔

(جاری ہے)

عارف علوی کو معافی نہیں مانگنی چاہیے ، پارٹی کی جانب سے 35 پنکچر کا بیان بلاوجہ نہیں دیا گیا، عارف علوی کو سوشل میڈیا پر بیان دینے سے پرہیز کرنا چاہیئے ۔

35 پنکچرز کے الزام پر قوم سے معافی مانگنے پر عارف علوی کو اسلام آباد میں طلب کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے اس حوالے سے وضاحتی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے،ترجمان نے کہا کہ عارف علوی پارٹی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے انہیں اسلام آباد میں آ کر چیئرمین تحریک انصاف کو وضاحت پیش کریں ،دریں اثنا ء تحریک انصاف کے سیکرٹری جہانگیر ترین نے کہا کہ 35 پنکچرز کے الزام پر معافی نہیں مانگیں گے ،میں سمجھتا ہوں کہ عام انتخابات میں35 نہیں بلکہ71 پنکچرز لگائے گئے ہیں،مسلم لیگ (ن) کی شیڈو حکومت نے یہ 71پنکچرز لگائے ہیں،جہانگیر ترین نے ذاتی حیثیت سے معافی مانگی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ 35 پنکچرز کا الزام محض ایک سیاسی بات تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پرتحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاادھرپاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ 35 پنکچر کی معافی نہیں مانگیں گے ۔ عارف علوی کا بیان ان کا ذاتی موقف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ الیکشن 2013 میں 35 پنکچر نہیں بلکہ 71 لگائے گئے ۔

مسلم لیگ (ن) کے خاص حلقوں میں اضافی بیلٹ پیپرز چھپائے گئے ۔ 2013 آر اوز کے انتخابات تھے ۔ جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وکیل کہتے ہیں کہ فارم 15 سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس کہنے کو مزید کچھ بھی نہیں انہوں نے کہا کہ عارف علوی کا بیان ان کا ذاتی موقف ہے ۔ 35 پنکچرز کے حوالے سے معافی نہیں مانگیں گے ۔