بھارتی مداخلت ، پاکستان نے اقوام متحدہ کو لکھے جانے والے خط کا مسودہ تیار کر لیا،بھارتی وزیر اعظم کا پاکستان توڑنے میں ملوث ہونے کا اعترافی بیان کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے متن کی حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف دیں گے

بدھ 1 جولائی 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم جولائی۔2015ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کو لکھے جانے والے خط کا مسودہ تیار کر لیا ہے ۔ جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پاکستان توڑنے میں ملوث ہونے کا اعترافی بیان بھی بنیاد بنایا گیا ہے تاہم متن کی حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف دیں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھ نے دفتر خارجہ میں اعلی حکام سے ملاقاتیں کی یں اور ملاقاتوں میں بھارتی مداخلت پر جارحانہ سفارت کاری کا فیصلہ کیا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق دفتر خارجہ نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی مشاورت سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لکھے جانے والے خط کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے خط میں لکھا گیا ہے کہ بھارت پاکستان توڑنے میں روز اول سے مداخلت کر رہا ہے اور پاکستان توڑنے کی سازشوں میں مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں کھڑے ہو کر خود پاکستان توڑنے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارتی خفیہ ایجنسی ” را “ کے کراچی اور بلوچستان میں جرائم پیشہ سرگرمیوں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور ” را “ کی پاکستان میں مداخلت کا بی بی سی کی ڈاکومنٹری میں بھی اعتراف کیا گیا ہے ۔