پنجاب،سندھ میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور پنجاب،سندھ کے چیف سیکرٹریز کی ملاقات میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کی سفارشات تیار کرلی گئیں

منگل 30 جون 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جون۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے پر غور شروع کردیا ہے،خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شدید بے قاعدگیوں کے بعد الیکشن آف پاکستان نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کروانے کیلئے مشاورت شروع کردی ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق پنجاب میں20ستمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری اور پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں صوبوں میں انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے مرحلہ وار کرانے پر سفارشات تیار کی گئی ہیں،یہ سفارشات الیکشن کمیشن آف پاکستان سے منظور کروانے کے بعد سپریم کورٹ کو ارسال کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن یہ مؤقف اختیار کر رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ہونیوالی شدید بدنظمی کے بعد اب حل یہ ہے کہ مرحلہ وار انتخابات کرائے جائیں جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو پولنگ سٹیشنوں کو کنٹرول کرنے میں آسانی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں رواں مہینے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کے سلسلے میں درخواست دائر کی جائے گی