اسٹیبلشمنٹ اور آصف زرداری کے درمیان نیا این آر او ہوگیا،سابق صدر تقریر کے بعد پارٹی میں صف بندی کے ساتھ مقتدر حلقوں سے رابطے میں تھے، معاملات طے ہوتے ہی فریال تالپور کوروانہ کر دیا ، زرداری امریکی حکام سے رابطے میں،بیرون ملک روانگی پر پیپلز پارٹی کے سینئر لوگوں کو بے خبر رکھا گیا،خورشیدشاہ بھی لندن پہنچ گئے

ہفتہ 27 جون 2015 04:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی اپنی بہن اور اہلخانہ سمیت اچانک بیرون ملک روانگی کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور آصف علی زرداری کے درمیان ایک نیا این آر او ہوچکا ہے کیونکہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنی تقریر کے بعد پارٹی میں صف بندی کے ساتھ ساتھ مقتدر حلقوں سے رابطے میں تھے جونہی معاملات طے ہوئے تو آصف علی زرداری نے پہلے اپنی بہن فریال تالپور کی بیرون ملک روانگی کو یقینی بنایا تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ مقتدر حلقے اپنے وعدے پر قائم ہیں یا نہیں اوراس کے بعد اپنے بچوں کو لیکر دوبئی روانہ ہوگئے اور ابتدائی طور پر پی پی پی کی طرف سے یہ پیغام دیا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری جمعہ 27 جون کو واپس آجائینگے لیکن اب سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے واپسی میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول زرداری عید الفطر سے پہلے وطن واپس آجائیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری امریکی حکام سے بھی رابطے میں ہیں ۔ آصف علی زرداری کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینئر لوگوں کو بھی بے خبر رکھا گیا ہے کیونکہ اس حوالے سے جب سابق صدر کے سیاسی مشیر ندیم افضل چن سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میری معلومات کے مطابق آصف علی زرداری کولاہور آنا تھا مگر وہ دوبئی چلے گئے جبکہ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں طے کیا گیا تھا کہ بلاول زرداری رمضان المبارک لاہور میں قیام کرینگے لیکن وہ بھی اپنے والد کے ساتھ بیرون ملک روانہ ہوگئے حالانکہ کراچی کے عوام دکھ کی گھڑی میں انہیں اپنے ساتھ دیکھنے کے خواہش مند تھے اور اب اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی نجی دورے پر لندن روانہ ہوچکے ہیں مقتدر حلقوں کے خیال ہے کہ نئے این آر او کا باضابطہ اعلان باقی ہے ۔