وزیراعظم نے کراچی میں گرمی سے ہونیوالی ہلاکتوں اور لوڈشیڈنگ کے معاملے پرکمیشن بنادیا ، کراچی کادورہ بھی کریں گے،وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ

ہفتہ 27 جون 2015 04:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء) وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں گرمی سے ہونیوالی ہلاکتوں اور لوڈشیڈنگ کے معاملے پرکمیشن بنادیا ہے، وزیراعظم آئندہ ایک دوروزہ کراچی کادورہ کریں گے، ہم بھی تحقیقات کیلئے آئے ہیں کہ اتنی شہادتیں کیسے ہوگئیں۔جمعہ کووفاقی وزیرعبدالقادربلوچ اوروزیرمملکت سائرہ افضل تارڑنے جناح اسپتال کادورہ کیاہے،وفاقی وزرانے جناح اسپتال میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کی،اس موقع پروفاقی وزیرعبد القادربلوچ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نے گرمی سے ہونیوالی ہلاکتوں اور لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر کمیشن تشکیل دیدیا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم بھی تحقیقات کیلئے آئے ہیں کہ اتنی شہادتیں کیسے ہوگئیں،اس معاملے پر وزیراعظم کو مکمل رپورٹ پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

عبدالقادر بلوچ کا کہناتھا کہ اتنی بڑی غفلت سے وفاقی وزرا اوروزیرآعظم نے منہ نہیں موڑا،تحقیقات مکمل کرکے وزیراعظم کو آگاہ کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے مجھے اورسائرہ افضل کو تحقیقات کیلئے کراچی بھیجا ہے،کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

گرمی سے اموات کی ذمہ داری کسی پرڈالنا قبل ازوقت ہوگاکراچی جیسے بڑے شہر میں مصنوعی بارش کرانا آسان نہیں ہے،ان کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ہرممکن مدد کی جائے گی ،اسپتالوں کودیکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،جہاں ضرورت ہوئی صوبائی حکومت کی مدد کریں گی۔اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑنے کہا کہ بھارت میں بھی گرمی کی شدت سے اموات ہوئیں،ان کاکہنا تھا گرمی کی شدت سے ان کی زیادہ اموات ہوئیں جولوگ دھوپ میں تھے۔عوام کوگرمی کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیاجائے ،سائرہ افضل نے کہا کہ نیپرا کی ٹیم کراچی آئی ہوئی ہے اورہم کے الیکٹرک کوریگولیٹ نہیں کررہے، غفلت کے مرتکب اداروں کوبے نقاب کرکے سزادی جائے گی۔