کراچی اموات پر دلی افسوس ہوا ،ہلاکتوں پر سیاست کرنا بہت زیادتی ہے‘ شہبازشریف،پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کے مابین چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 300 میگاواٹ کے سولر منصوبے کا معاہدہ، معاہدہ بارش کا پہلا قطرہ ہے،سی پیک کے تحت 900 میگاواٹ کے سولر منصوبے پر 140 ارب روپے کی چینی سرمایہ کاری ہوگی، سی پیک کے خلاف مکروہ سازشیں عوام ناکام بنا دیں گے، چند شرپسند لوگوں کی سازش کو 18 کروڑ عوام نیست و نابود کر دیں گے، وزیر اعلی پنجاب

ہفتہ 27 جون 2015 04:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء) پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کے مابین جمعہ کے روز یہاں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 300 میگاواٹ کے سولر منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ معاہدے کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف تھے۔ معاہدے کے تحت چینی کمپنی ذو نرجی چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 300 میگاواٹ کا منصوبہ 25 دسمبر 2015ء تک مکمل کرے گی۔

0 5میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں برس 14 اگست کو بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا جبکہ 600 میگاواٹ کا سولر منصوبہ 2016ء کے اختتام پر تک بجلی مہیا کرے گا۔چینی کمپنیوں اور وفاقی حکومت کے مابین انرجی پرچیز اور امپلی منٹیشن کے معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت آج پہلے منصوبے کے معاہدے کی تفصیلی دستاویزات پر دستخط کئے گئے ہیں۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی یہ عظیم شروعات ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کے طویل سفر کا یہ نقطہ آغاز ہے۔چین کے صدر، وزیراعظم، عوام ، پاکستان میں چینی سفیر، قونصل جنرل اور تمام متعلقہ ادارو ں کی انتھک محنت سے یہ خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 33 ارب ڈالر صرف بجلی کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔ آج کا معاہدہ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

سی پیک کے تحت 900 میگاواٹ کے سولر منصوبے پر 140 ارب روپے کی چینی سرمایہ کاری ہوگی۔چینی حکومت کی طرف سے سولر منصوبے کا کنٹریکٹ ذونرجی کو دیا گیا ہے ۔ 900 میگاواٹ کے سولر منصوبے میں سوفیصد چینی سرمایہ کاری ہے۔ میں آج اس عظیم موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چین کے صدر کے دورہ کے صرف دو ماہ بعد سی پیک کے تحت پہلے معاہدے پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔

یوم آزادی پر 50میگاواٹ کا پہلا سولر منصوبہ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کر رہا ہے۔ مجموعی طور پر قائداعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگاواٹ کے سولر منصوبے لگیں گے اور یہ پارک خطے کا سب سے بڑا سولر پارک ہوگا۔ ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

2017ء تک 320 1میگاواٹ کا کول پاور پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا۔ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مل کر تاریخی سی پیک کے پیکیج کو حقیقت میں بدلیں گے۔سی پیک پر عملدرآمد سے ملک میں خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ چین کے صدر، وزیراعظم، عوام کے بے حد مشکور ہیں۔چین کی یہ سرمایہ کاری پاکستان کیلئے احسان عظیم ہے۔اب بال ہمارے کورٹ میں ہے۔

محنت، دیانت، امانت سے منصوبوں کو مکمل کریں گے۔ زراعت ترقی کرے گی، فیکٹریاں چلیں گی اور لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور 18 کروڑ عوام کے ساتھ لازوال محبت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف کے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ سی پیک کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد پر کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

اندھیرو ں کو روشنیوں میں تبدیل کرکے دم لیں گے۔140 ارب روپے کی سرمایہ کاری صرف ایک منصوبے کیلئے ہے۔ میری پاکستان کے بڑے بڑے سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی تجوریو ں کے منہ کھول دیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ عوام کی محنت سے کمائی گئی دولت پر پاکستان کے عوام کا پہلا حق ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف مکروہ سازشیں عوام ناکام بنا دیں گے۔

پہلے بھی جھوٹا پراپیگنڈا کرکے کہا گیا کہ یہ چینی قرضے ہیں لیکن پوری قوم نے دیکھ لیا کہ حقائق برعکس نکلے۔ چند شرپسند لوگوں کی سازش کو 18 کروڑ عوام نیست و نابود کر دیں گے۔ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ چین نے پاکستان کا محبت سے ہاتھ تھاما ہے۔2017-18 تک لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہوگی۔بجلی کا بحران ایک دہائی کا بوجھ ہے اور اب اس بوجھ کو چین نے بانٹا ہے۔

میرا ایمان ہے کہ چین کے تعاون سے منصوبے لگیں گے، اندھیرے دور ہوں گے اور روشنی آئے گی۔قوم جب تک متحد ہے ہمارا کوئی بال بیکا نہیں کر سکے گا۔ بجلی کی کمی دور ہو جائے تو پاکستان کی شرح نمو 2 فیصد خوبخود بڑھ جائے گی۔ٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن کیلئے وفاقی سطح پر کام ہو رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں گرمی کے باعث ہونے والی اموات پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں پر سیاست کرنا بہت زیادتی ہے۔ ان اموات پر کسی صورت سیاست نہیں کرنی چاہیئے بلکہ ان خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرنا چاہیئے جن کے پیارے ان سے بچھڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کو زرداری صاحب کے دور سے 650 میگاواٹ بجلی پیپکو سے مل رہی ہے۔مشترکہ مفادات کونسل میں 2 بار فیصلہ ہوا کہ کے ای ایس سی کی 350 میگاواٹ بجلی کاٹ لی جائے اور صرف 300 میگاواٹ دی جائے لیکن اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا۔